پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جنگ کی بات نہیں کرتا ، طارق فاطمی

بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہا ہے، امریکہ کے بھارت کے ساتھ بڑھتے دفاعی تعلقات پر تشویش ہے، معاون خصوصی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جنگ کی بات نہیں کرتا بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہا ہے، امریکہ کے بھارت کے ساتھ بڑھتے دفاعی تعلقات پر تشویش ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فاطمی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے ہم خطے میں امن کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان جنگ کی بات نہیں کرتا تاہم بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارتی جارحیت سے دنیا کو آگاہ کیا عالمی طاقتوں نے بھارت کو بتایا ہے کہ اس کی پالیسی نقصان دہ ہے،ایک سوال پر کہا کہ بھارت کی آبادی ایک ارب سے تجاوز کر گئی ہے دنیا کے بھارت سے تجارتی تعلقات ہیں اور دنیا بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کی وجہ سے کشمیر پر خاموش ہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ کے بھارت کے ساتھ بڑھتے دفاعی تعلقات پر تشویش ہی(وقار)

متعلقہ عنوان :