معذور افراد کو معاشرہ میں مساوی مقام دیا جائے گا ،کمشنر محمد یثرب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:08

ڈی جی خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب نے کہا ہے کہ معذور افراد کو معاشرہ میں مساوی مقام دیا جائے گا‘ حکومت پنجاب خصوصی افراد کی بحالی، تعلیم و تربیت کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے‘ خصوصی بچوں میں ذہانت عام افراد سے بڑھ کر ہے ان کا احساس کمتری دور کرنے اور خوداعتمادی پیدا کرنے کیلئے بہتر تعلیم وتربیت کی ضرورت ہے۔

انہوںنے ان خیالات کاا ظہار محکمہ سوشل ویلفیئر اور ڈی جی خان آرٹس کونسل کے اشتراک سے آرٹس کونسل میں عالمی یوم معذوراں کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ خصوصی افراد کو معذور سمجھنے والے درحقیقت خود معذور ہیں‘ ہر انسان کسی نہ کسی خامی کا شکار ہوتا ہے‘ ضرورت اس امر کی ہے کہ خامیوں پر خوبیوں کو فوقیت دی جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر محمد یثرب نے کہاکہ حکومت پنجاب نے معذور افراد کو معاشرہ میں باعزت مقام دلانے کیلئے سرکاری ملازمت میں تین فیصد کوٹہ مختص کیا اور جسمانی صلاحیت نہ رکھنے والے افراد کو خدمت کارڈ کے ذریعے 1200روپے ماہانہ مالی امداد دی جارہی ہے تاکہ کسی بھی جسمانی معذور ی کا شکار بچے والدین پر بوجھ نہ بنیں ․ انہوںنے بتایاکہ ضلع ڈیرہ غازیخان میں ابتک 50سے زائد خصوصی افراد کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کے علاوہ چا ر ہزار خاندانوں کو مالی امداد کیلئے خدمت کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں ․ ای ڈی او سی ڈی فاروق احمد او را سسٹنٹ ڈائریکٹر ڈی جی خان آرٹس کونسل محمد اسداللہ شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے معذو ر افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے قابل ستائش اقدامات کیے ہیں ․ اس موقع پر شفیق الرحمن ، نائلہ خالد ، غزالہ نواز اور دیگر نے بھی خطاب کیا ․ ڈیرہ غازیخان ، کوٹ چھٹہ اور تونسہ تحصیلوں کے سپیشل ایجوکیشن میں زیر تعلیم بچوں نے ٹیبلوز ، خاکے او رملے نغمے پیش کیے ․ اس موقع پر لاء آفیسر ثریا مجید رانا ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر محمد ابراہیم ، شاہد نواز ، شگفتہ عباس ، ریحانہ ، محمد رفیق سمیت اساتذہ ، طلبائوطالبات او رزندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مردوخواتین موجود تھے ۔