فیڈرل گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول جی سیون ون میں یوم اقبال منایا گیا

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) فیڈرل گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول جی سیون ون میں شاعر مشرق علامہ اقبال کی تعلیمات سے طلبہ کو روشناس کرانے کیلئے یوم اقبال منایا گیا۔ یوم اقبال کی مناسبت سے طالبات نے ہفتہ کو ایک رنگا رنگ تقریب میں ٹیبلو، اردو و انگریزی تقریریں، علامہ اقبال کی نظمیں پیش کیں۔ اس موقع پر علامہ اقبال کے افکار پر روشنی ڈالنے کیلئے قوالی بھی پیش کی جبکہ طلبہ نے علامہ اقبال کی تعلیمات ، شاعری، افکار اور تحریک پاکستان میں کردار اور امت مسلمہ بالخصوص برصغیر کے مسلمانوں کی بیداری کیلئے خدمات کی اپنی تقاریر، نظموں اور مباحثوں کے ذریعہ بھرپور عکاسی کی اور کوئز مقابلوں میں بھی حصہ لیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے مشترکہ تعلیمی مشیر محمد رفیق طاہر نے علامہ اقبلا کے فلسفہ خودی اور شاہین کے نظریہ پر روشنی ڈالی اور طالبات پر زور دیا کہ محنت اور لگن سے اپنے مقاصد پر خصوصی توجہ مرکوز کریں تاکہ تعلیمات اقبال پر عمل پیرا ہو کر ملک و قوم کے مستقبل کو سنوارنے میں کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تدریسی عملہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی نصابی سرگرمیوں اور غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کا درس دیں۔ تقریب سے سکول کی پرنسپل شبنم آفرین نے خیرمقدمی کلمات ادا کئے اور شرکاء کو طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور نمایاں کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔