عصر حاضر میں تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی لازم و ملزوم ہیں،وزیر تعلیم

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:06

پشاور۔03دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی لازم و ملزوم ہیں لہذا حکومت تعلیم کے شعبے میں آئی ٹی سے بھرپوراستفادہ حاصل کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے اور سرکاری سکولوں میں آ ئی ٹی لیب کی تعداد 179سے بڑھاکر 1340کرنا،اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لئے آن لائن ایکشن مینجمنٹ سسٹم اورسکولوں کے نظام میں شفافیت لانے کے لئے سکول مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا ّغاز جیسے اقدامات اس جانب اہم اقدام ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سرحد یونیورسٹی پشاور میں ای ۔پاکستان سالانہ کانفرنس 2016 کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر سلیم الرحمن اور دوسرے مقررین نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا اور آئی ٹی کو تعلیم کے لئے ضروری قرار دیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ عنان اقتدار سنبھالتے وقت صوبے کی تعلیمی حالت زبوں حالی کی شکارتھی اور 28ہزارسرکاری سکولوں میں پڑھنے والے معاشرے کے غریب والدین کی41لاکھ بچوںکو معیار ی تعلیم دینا ایک بڑاچیلنج تھاجس سے موثر طورپرنمٹنے کے لئے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی لگا کر اس اہم شعبے میں اصلاحات کا عمل شروع کیا جس میں کافی حد تک کامیاب ہوگئے ہیں اور سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتمادبھی بحال ہو گیاہے ایک سروے کے مطابق پرائیوٹ سکولوں کے 34ہزاربچوںنے سرکاری سکولوں کا رخ کیا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں زنانہ تعلیم کے مقابلے میں مردانہ تعلیم پر زیادہ توجہ دی گئی جس کی وجہ سے زنانہ شر ح خواندگی انتہائی کم تھی جسے بڑھانے کے لئے نئی تعلیمی پالیسی میں زنانہ سکولوں کی تعمیر کی شرح 70فیصد کردی گئی اور گرلز کمیونٹی سکولز پراجیکٹ کے تحت 14سو سے زیادہ سکول قائم کئے گئے اسی طرح صوبے میں پہلی مرتبہ گرلز کیڈٹ کالج کے قیام کے علاوہ مختلف اضلاع میں خواتین یونیورسٹیاںبھی قائم کی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لئے 55ہزار اساتذہ کی بھرتی کا ہدف مقرر کیا گیاہے جس میں سے 40ہزار کی بھر تی کر چکے ہیں جبکہ باقی 15ہزار آئندہ مالی سال کے دوران بھرتی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :