وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خزاں رت کے خوشنما پھولوں کی نمائش جاری

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خزاں رت کے خوشنما پھولوں کی نمائش ہفتہ کو دوسرے روز بھی جاری رہی،جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی کثیر تعداد نے ہفتہ وار چھٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نمائش میں دلچسپی لی۔ سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے اسلام آباد ہار ٹیکلچر سو سائٹی کے اشتراک سے اسلام آباد کے شہریوں کے جما لیاتی ذوق کی تسکین کیلئے پھولوں کی اس نمائش کا انعقاد کیا ہے۔

(جاری ہے)

نظروں کو خیرہ کرنے والی اس نمائش کے اہتمام میں منتظمین نے نہایت نفاست کے ساتھ پھولوں کے باغیچے سجارکھے تھے ۔صحتمندانہ ماحول ایک صحت مند سوچ کو جنم دیتا ہے اور پھول صحت مند ماحول میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ نمائش میں گل دائودی کی مختلف اقسام خاص طور پر انٹر میڈیٹ، انکرڈ، ریفلیکس، سپرے، اینیمن ،پومپس،کورئین ہائبرڈ، سنگل فلور، اور سپائڈری فلاور کے علاوہ مختلف اقسام کے دیدہ زیب پھول مختلف انداز میں سجا کر نمائش کے لئے رکھے گئے ہیں۔پھولوں کی نمائش میں سی ڈی اے و ایم سی آئی کے علاوہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلام آباد کلب، پی ایم ایچ، سی ایم ٹی ڈپو سمیت دیگر ادارے حصہ لے رہے ہیں۔نمائش( آج )اتوار کو بھی جاری رہے گی۔