خیبر پختونخواہ دہشت گردی کی سونامی میں ڈوبا ہواہے ،بلاول بھٹو زرداری

پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزررہا ہے، جھنگ کے ضمنی الیکشن کے بعد نیشنل ایکشن پلان ازخودختم ہوگیا ہے،لاڑکانہ سے الیکشن لڑوں گا لیکن وقت کا تعین پارٹی کرے گی،چیئرمین پیپلز پارٹی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ دہشت گردی کی سونامی میں ڈوبا ہواہے پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزررہا ہے جھنگ کے ضمنی الیکشن کے بعد نیشنل ایکشن پلان ازخودختم ہوگیا ہے میں لاڑکانہ سے الیکشن لڑوں گا لیکن وقت کا تعین پارٹی کرے گی۔2018ء کے عام انتخابات میں ملک کا وزیراعظم بنوں گا تو صدر ا وروزیر اعظم ہائوس سمیت ہر گھر میں پیپلزپارٹی کا جھنڈا لہرائے گا پاکستان پیپلزپارٹی کی49ویں یوم تاسیس کی سات روزہ تقریبات کے چوتھے روز خیبر پختونخواہ کے پارٹی ورکروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کے پی کے کے پارٹی ورکروں اور رہنمائوں کو بلاول ہائوس لاہورآنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف نے وفاقی وزیر داخلہ کو نہیں ہٹایا تو ہمارا نعرہ گو نواز گو ہوگا بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں آپ کے خلاف تخت لاہور سے نعرہ لگارہا ہوں گو نواز گو مجھے یہ نعرے لگانے میں مزہ آتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ لاڑکانہ سے الیکشن لڑیں گے لیکن وقت کا تعین پارٹی کرے گی بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی پی کے لوگ غیرت مند لوگ ہیں جو کسی کو گالی نہیں دیتے سیاست ہمارے لیے جہاد اور عبادت ہے سیاست کو کسی قیمت جی ٹی روڈ کی لڑائی میں گندا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ نوازشریف تین مرتبہ اس ملک کا وزیراعظم بنے اور اگر وہ اب بھی اس ملک کا نظام نہیں چلاسکتے تومیں ملک کا نظام چلانے کیلئے ہوں میں2018ء کے الیکشن میں وزیراعظم بنوں گا۔

انہوںنے کہا کہ اگر عوام نے میرا ساتھ دیا میرے ساتھ کام کیا تو 2018ء کے الیکشن میں وزیراعظم بن کر صدر کے گھر وزیراعظم ہائوس سمیت ہرگھر میں پیپلزپارٹی کا پرچم لہرائے گا اور پیپلزپارٹی وفاق سمیت چاروں صوبوں میں اپنی حکومت بنائے گی۔یہ پیپلزپارٹی ہی ہے جو سندھ، بلوچستان، پنجاب اور کے پی کے سے پارٹی کے کسی رہنما کووزیراعظم بناسکتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے پی کے میں بہت مضبوط ہے۔ وہاں سے ہم تین ضمنی الیکشن جیتے ہیں لوگوں نے تیر کے نشان کو کامیاب کرایا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پاکستان کی واحد جماعت ہے جو کے پی کے سمیت پورے پاکستان میں نمبر ون سیاسی جماعت ہے۔(اے ملک)