بھارت کی جانب سے سرحدوں کی خلاف ورزیاں افسوسناک ہیں ، چوہدری کاشف نواز رندھاوا

جنر ل راحیل لاکھوں راحیل شریف بنا کر جا رہے ہیں انڈیا جنگی ماحول نہ پیدا کرے بصورت دیگر ایک بھی انتہا پسند ہندو کا وجود قائم نہیں رہے گا ،صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ن

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن ) یوتھ ونگ پنجاب چوہدری کاشف نواز رندھاوا نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سرحدوں کی خلاف ورزیاں افسوسناک ہیں بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنے مذموم عزائم سے باز آ جائیں بصورت دیگر ہماری مسلح افواج اُنھیں بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے جنر ل راحیل لاکھوں راحیل شریف بنا کر جا رہے ہیں انڈیا جنگی ماحول نہ پیدا کرے بصورت دیگر ایک بھی انتہا پسند ہندو کا وجود قائم نہیں رہے ۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار وادی کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور بے گناہ انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ اس ظلم و جبر پر اقوام متحدہ بالخصوص عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک ہے‘ ۔

(جاری ہے)

اُنھوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام دُنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں اور یو این او کے منہ پر طمانچہ ہے۔ کیونکہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتے اور کشمیر کے مظلوم مسلمان بے یارو مدد گار مظالم سہنے پر مجبور ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں ڈھائے جانیوالے مظالم کا فوری نوٹس لے اگر وہ مسلمانوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتا تو اس ادارے کو ہی ختم ہو جانا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ثابت کر دیا کہ وہ حاکم نہیں بلکہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے عوام کے خادم ہیں اور اُنھوں نے ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے قوم کوترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔