لاہور، معذور وں کے عالمی دن کے موقع پر درجنوں نابینا افراد سے ناروا سلوک

نابینا افراد کو الحمرا ہال کی گیلری میںبند کرنے کے تھوڑی بعد باہر نکال دیا گیا

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری نے درجنوں نابینا افراد سے ناروا سلوک کا مظاہرہ کرتے ہوئے نابینا افراد کو الحمرا ہال کی آرٹ گیلری میںبند کردیا تاہم ان نابینا افراد کو تھوڑی دیر کے بعد آرٹ گیلری سے باہر نکال دیا گیا۔ جس پر نابینا افراد سراپا احتجاج بن گئے اور انہو ںنے الحمرا ہال کے باہر مال روڈ پر احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے ٹریفک بند کردی۔

نابینا افراد نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پولیس نے انہیں آرٹ گیلری میں بند کرکے زدوکوب کیا اور توہین آمیز رویہ اختیار کیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف ان کے ساتھ ہونے والے پولیس کے ناروا رویہ کا نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

نابینا افراد کے ساتھ یہ ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب درجنوں نابینا افراد معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے الحمرا ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے لئے وہاں پہنچے تو پویس کی نفری نے تقریب کا آغاز ہوجانے کیوجہ سے انہیں تقریب میں شرکت سے روک دیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ یہ نابینا افراد تقریب میں وزیراعلیٰ کی آمد کے بعد پہنچے تھے۔ سکیورٹی نکتہ نگاہ سے انہیں تقریب میں شرکت سے روکا گیا تھا۔ پولیس نے ان نابینا افراد سے ناروا سلوک اس وقت اختیار کیا جب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف تقریب سے خطاب کے دوران کہہ رہے تھے کہ آگے بڑھیں اور معذور افراد کا ہاتھ تھام لیں۔ اس موقع پر احتجاجی نابینا افراد نے میٹروبس ٹریک پر جاکر احتجاج کا اعلان کیا تاہم پولیس اور نابینا افراد کے درمیان مذاکرات کے بعد مال روڈ پر ٹریفک بحال کردی گئی۔(اے ملک)

متعلقہ عنوان :