وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر فوری ایکشن، روات سے جعلی ادویات بنانے والی قتل گاہ پکڑی گئی

جعلی فیکٹری کو سیل کردیا ، ممنوعہ ادویات اور نشہ آور گولیاں بنائی جا رہی تھیں،پولیس حکام

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:14

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے جعلی ادویات کیخلاف کارروائی کے حکم کے بعد روات پولیس نے روات میں جعلی ادویات بنانے ’’انسانی قتل گاہ‘‘ پکڑ لی ،ڈرگ کنٹرول نے فیکٹری سیل کردی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف ہفتہ کے روز ایک تقریب کے دوران جعلی ادویات تیار کرنیوالی فیکٹریوں کو انسانی قتل گاہیں قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ ان کے خاتمے کیلئے بڑی کارروائی کی جائے اور جعلی ادویات تیار کرنیوالی فیکٹریوں کی اطلاع دینے والوں کو نقد انعام بھی دیا جائے گا ۔

جس پر روات پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں ایک اور جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی۔ ڈرگ کنٹرول نے فیکٹری سے بڑی تعداد میں غیر معیاری ادویات برآمد ہونے پر فیکٹری کو سیل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق جعلی فیکٹری میں ممنوعہ ادویات اور نشہ آور گولیاں بنائی جا رہی تھیں۔تاہم پولیس کی طرف سے فیکٹری پر چھاپے کے دوران گرفتاریوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ۔