دودھ ، شہد کی نہریں بہا دینے کے دعوے کرنیوالوں نے عوام پر زندگی تنگ کر دی ،جمشید چیمہ کا یوسی 140میںفری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:11

دودھ ، شہد کی نہریں بہا دینے کے دعوے کرنیوالوں نے عوام پر زندگی تنگ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور انکی اہلیہ مسرت چیمہ کی طرف سے این اے 124میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیاجہاں،ماہر ڈاکٹروں نے سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کرنے کے ساتھ انہیں مفت ادویات بھی فراہم کیں۔ جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ یونین کونسل 140فتح گڑھ مغلپورہ میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ میں موجودہ رہے اور علاج معالجے کیلئے آنے والوں سے ان کے مسائل بارے آگاہی حاصل کی ۔

اس موقع پر جمشید اقبال چیمہ کا کہنا تھاکہ صحت کے شعبے میں حکومت کی غفلت ، کوتاہی اور ابتر حالات کو دیکھتے ہوئے عملی طور پر میدان میں آنے کا فیصلہ کیا ۔عوام کو صحت ،تعلیم سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن بد قسمتی سے حکمرانوں نے اس پر آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے این اے 124کی ہر یونین کونسل میں فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا اعلان کیا تھا اور یوسی 140میں اس کا انعقاد اس کی کڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دودھ اور شہد کی نہریں بہا دینے کے دعوے کرنے والوں نے عوام پر زندگی تنگ کر دی ہے جس شخص کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں وہ مہنگے علاج معالجے کے اخراجات کیسے برداشت کرے گا۔ اس موقع پر مسرت چیمہ نے کہا کہ حلقے کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جہاں تک ممکن ہو سکا اقدامات کریں گے ۔پورے حلقے میں فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کے بعد دیگر مسائل کے حل پر بھی توجہ دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کریں اور میرا یقین ہے کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں دودھ اور شہد کی نہر یںبہا دینے والوں سے نہ صرف سوالات پوچھیں گے بلکہ اپنے ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب بھی کریں گے۔