لاہور ہائی کورٹ ججز کے مابین کرکٹ میچ، جسٹس کار نیلیئس الیون نے جسٹس کیانی الیون کو نو وکٹو ں سے شکست دے دی

عدالت عالیہ کی ایک سو پچاس سالہ تقریبات کے حوالے سے بھرپور تعاون پر میڈیا کے شکرگزار ہیں ‘چیف جسٹس کا میچ کی اختتامی تقریب سے اظہار خیال

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) لاہور ہائی کورٹ کی ایک سو پچاس سالہ تقریبات کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان پر مشتمل ٹیموں جسٹس کارنیلیئس الیون اور جسٹس کیانی الیون کے مابین ٹونٹی ٹونٹی میچ باغ جناغ کے جم خانہ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا گیا۔ جسٹس کارنیلیئس الیون کی کپتانی چیف جسٹس سید منصور علی شاہ جبکہ جسٹس کیانی الیون کی قیادت سینئر ترین جج جسٹس شاہد حمید ڈار نے کی۔

جسٹس کارنیلیئس الیون نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کرنے کا فیصلہ کیا۔ جسٹس کیانی الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 195 رنز سکور کئے، جن میں جسٹس فیصل زمان خان کی چھہتررنز شاندار اننگز شامل تھی جبکہ جسٹس عاطر محمود نے بتیس او ر جسٹس عابد عزیز شیخ نے انتیس رنز بنائے،جسٹس کارنیلیئس الیون نے دو اوورز میں سترہ رنز نے عوض دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جسٹس کارنیلیئس الیون نے 196 رنز کے تعاقب میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہر ہ کرتے ہوئے مطلوبہ سکور بیسویں اوور میں پورا کر لیا، جسٹس کارنیلیئس الیون کی جیت میں جسٹس شاہد جمیل خان کے ساٹھ، جسٹس عبد السمیع خان کے چوالیس اور جسٹس امیر بھٹی کے پینتیس رنز نے اہم کردار ادا کیا۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے رنرزاپ ٹیم جبکہ جسٹس محمد یاور علی نے وننگ ٹیم کو ٹرافی اور میڈلز دیئے، جسٹس شاہد جمیل خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی، جسٹس عابد عزیز شیخ کو بہترین فیلڈر، جسٹس عبد السمیع خان کو بہترین آل رائونڈر جبکہ جسٹس فیصل زمان خان کو میچ کا بہترین بلے باز کا ایورڈ دیا گیا۔

میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج ججز کی جانب سے ٹیم سپیرٹ کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا، ہم اسی سپیرٹ ، محنت اور لگن سے لوگوں کی تکالیف دور کرتے اور مقدمات کے فیصلے کرتے ہیں، فاضل چیف جسٹس نے میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کیا ۔ جسٹس کارنیلیئس الیون کی ٹیم میں چیف جسٹس سید منصور علی شاہ (کپتان)، جسٹس مامون رشید شیخ، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس عبد السمیع خان، جسٹس چودھری محمد مسعود جہانگیر، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شاہد وحید، جسٹس شہرام سرورچودھری، جسٹس محمدطارق افتخار، مسٹر جسٹس ملک شہزاد احمد، جسٹس شاہد مبین جسٹس مرزا وقاص رئوف، جسٹس ملک خالد محمود ، جسٹس حبیب اللہ عامر، جسٹس شیخ طارق سیلم،جسٹس محمد علی،جسٹس محمد بشیر پراچہ اور جسٹس کیانی الیون کی ٹیم میں جسٹس شاہد حمید ڈار (کپتان)،جسٹس محمد یاور علی،جسٹس محمد قاسم خان،جسٹس محمد کاظم رضا شمسی،جسٹس علی باقر نجفی،جسٹس عاطر محمود،جسٹس عابد عزیز شیخ،جسٹس فیصل زمان،جسٹس مسعود عابد نقوی،جسٹس سید شہباز علی رضوی،جسٹس چودھری مشتاق احمد،جسٹس عبد الرحمان اورنگزیب،جسٹس اسجد جاوید گھرال،جسٹس چودھری محمد اقبال،جسٹس عبد الستار،جسٹس طارق عباسی اور مسز جسٹس ارم سجاد گل شامل تھیں ۔

متعلقہ عنوان :