پیپلز پارٹی کی قیادت میں بھٹو جتنی بھی اسلام سے محبت نہیں ‘ پروفیسر ساجد میر

اگر ان میں اسلام سے محبت ہوتی تو سندھ اسمبلی سے تبدیلی مذہب کا بل منظور نہ ہوتا

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں بھٹو جتنی بھی اسلام سے محبت نہیں ہے ،اگر ان میں اسلام سے محبت ہوتی تو سندھ اسمبلی سے تبدیلی مذہب کا بل منظور نہ ہوتا۔مرکزی دفتر میں اہل حدیث یوتھ فورس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی سے منظور ہونے والا تبدیلی مذہب بل اسلام دشمن قوتوں کو خوش کرنے کی کوشش ہے، بل نہ صرف شریعت بلکہ آئین پاکستان کے بھی خلاف ہے، پاکستان کے 20کروڑ عوام اسلام دشمن اس بل کو قبول نہیں کریں گے۔

یہ قانون این جی اوز کا چربہ ہے، حکومت نے بل واپس نہ لیا تو پوری قوم سڑکوں پر ہوگی، یہ ہمارے دین و ایمان کا مسئلہ ہے، پیپلز پارٹی نے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی ہے، گورنر سندھ بل پر دستخط کرنے سے انکار کردیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت نے اس بل کو فوری واپس نہ لیا تو حکومت کے خلاف راست اقدام کیا جائے گا۔اس قانون کی کسی طرح بھی کوئی ضرورت نہیں تھی، فیملی لاء کے حوالے سے قوانین موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل اسلام اور مسلمانوں پرحملہ ہے۔ تبدیلی مذہب کا بل خلاف آئین و خلاف قانون ہے۔ سندھ اسمبلی کے ارکان نے عوامی احساسات کے خلاف بل منظور کیا ہے۔ قوم اس کو قبول نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :