پولیس افسران جدید پیشہ وارانہ صلاحیتیں حاصل کریں,کمانڈنٹ

اے ایس پیز کا ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کادورہ

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء) کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے زیر تربیت اے ایس پیز کو کہا ہے کہ وہ دہشت گردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور ٹارگٹ کلرزکے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے جدید پیشہ وارانہ صلاحیتیں حاصل کریں،کیونکہ جرائم پیشہ عناصر روز بہ روز طریقہ واردات کو تبدیل کررہے ہیں،انھوں نے یہ بات ہفتہ کو40زیر تربیت اے ایس پیز کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر کہی۔

زیر تربیت اے ایس پیز نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں تربیتی پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں اور اس وقت سندھ کے تربیتی دورے پر ہیں،مقصود احمد نے کہا کہ پولیس ، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی تعاون،دل جمعی، ایمانداری اور خلوص کے ساتھ خصوصاً کراچی میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جس کے نتیجہ میں ملک دشمن عناصر کی کاروائیوں کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی ہے،کمانڈنٹ نے زور دے کر کہا کہ بھاری ذمہ داری اور جوش وخروش کے ساتھ جرائم پیشہ عناصراوردہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کاروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ مجرم ہمارے پیارے وطن ، شہریوں اور پاکستان کے مستقبل کے دشمن ہیں،مقصود احمدنے کہا کہ ایس ایس یو نے جدید خطوط پر کام شروع کردیا ہے تاکہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور عام آدمی بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنی شکایت کے ازالہ کے لیے پولیس سے رابطہ کرسکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز کومختلف تربیتی مراکز بشمول پاک فوج کے تربیتی مراکز سے جدید پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ جسمانی صحت اور جدید معیار کے مطابق اعلیٰ پیشہ وارانہ تربیت حاصل کرکے وہ دہشت گردوں سے مؤثر انداز میں نمٹ سکیں،کمانڈنٹ نے بتایا کہ ملک کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم ایس ایس یو میں قائم کی گئی ہے جوکمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز ، جدید ہتھیاروں اور مواصلاتی نظام سے لیس ہیں پرمشتمل ہے اور دہشت گردوں کی کسی بھی کاروائی کومؤثر طریقے سے ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،مقصود احمدنے پاکستان میں پولیس کے معیار کو بین الاقوامی معیارکے مطابق بنانے کے لیے انسانی وسائل ، بھرتی، جدید تربیت اور اچھی اخلاقیات کے ذریعے بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ اے ایس پیز پاکستان کا مستقبل ہیں اورعوام کی بہتر انداز میں خدمت کے لیے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے،انھوں نے مزید کہا کہ ایس ایس یو پاکستان کا پہلا ISO سرٹیفائیڈ یونٹ ہے جسے بین الاقوامی ادارے یونائیٹڈ کنگڈم ایکریٹیڈیشن سسٹم ) UKAS ( برطانیہ کی جانب سے انسداد دہشت گردی آپریشنز، اہم شخصیات واہم تنصیبات کو مؤثر انداز میں سیکیورٹی فراہم کرنے پر تسلیم کرتے ہوئے جاری کیا گیا ہے،کمانڈنٹ نے مزید بتایا کہ پولیس کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں جس میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں اور سائیکلوجیکل ٹیسٹ شامل ہیں۔

ایس ایس یو میں نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے بھرتیوں کا عمل شروع کیا جاچکا ہے،ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کے دورے کے دوران اے ایس پیز نظم وضبط، انتظامی معاملات اور انسداد دہشت گردی آپریشنز سے بے حد متاثر ہوئے اور انھوں نے سندھ پولیس میں ایس ایس یوکے قیام کو دنیا کی بہترین پولیس فورس قرار دیا،اے ایس پیز نے ایس ایس یو کے فرائض کے دوران شہید ہونے والی28 کمانڈوز کو خراج عقیدت پیش کیا،اے ایس پیز نے S.W.A.T ٹیم کے کمانڈوز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف فرضی مشقوں کا مظاہر ہ بھی دیکھا۔

متعلقہ عنوان :