اے این پی تحصیل صوابی کے انٹرا پارٹی الیکشن

حاجی اکمل خان پینل نے میدان مار لیا، حاجی اکمل خان تحصیل صدر ، نوابزادہ سیکرٹری جنرل منتخب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:02

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) اے این پی تحصیل صوابی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں حاجی اکمل خان پینل نے میدان مار لیا۔ حاجی اکمل خان تحصیل صدر جب کہ نوابزادہ سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے۔ اس سلسلے میں صوبائی الیکشن کمیٹی کے چیر مین سردار حسین بابک صوبائی سیکرٹری جنرل اور ممبران کمیٹی صوبائی نائب صدر جاوید خان اور سابقہ ایم پی اے شگفتہ ملک کی نگرانی میں ہفتہ کے روز پُر امن طورپر انتخابی عمل مکمل ہو گیا۔

کل 199میں سے 182ووٹ ڈالے گئے تین ووٹ مسترد ہو گئے نو منتخب صدر حاجی اکمل خان نے 97ان کے مد مقابل امیدوار غلام حسن نے 82جب کہ نو منتخب سیکرٹری جنرل نوابزادہ نے 110اور ان کے مد مقابل امیدوار فخر زمان خان نے 70ووٹ حاصل کئے پُر امن الیکشن ماحول کے لئے صوبائی قیادت نے ضلعی الیکشن کمیٹی کو توڑ کر اس کی جگہ صوبائی کمیٹی تشکیل دی تھی اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل سردار حسین بابک نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کااظہار کیا کہ وہ پارٹی کو منظم کر نے اور آئندہ انتخابات میں بھر پور کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آنے والا دور ایک بار پھر اے این پی کا ہے پارٹی کارکن ابھی سے 2018کے انتخابات کے لئے تیاریوں کاآغاز کریں انہوں نے کہا کہ فاٹااصلاحات کے حوالے سے اے این پی کا موقف واضح ہے حکومت قبائیلی عوام کے دیرینہ مطالبے کو عملی جامہ پہنا کر جلد از جلد فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کر کے ایف سی آر جیسے کالا قانون کا خاتمہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ اے این پی سی پیک منصوبے کے خلاف نہیں بلکہ مرکز کے خلاف اس لئے عملی جنگ لڑ رہی ہے کہ مرکز سی پیک کے منصوبے میں خیبر پختونخوا کو نظر انداز کر رہی ہے حالانکہ وزیر اعظم نے ایل پی سی میں وعدہ کیا تھا کہ مغربی روٹ پر کام شروع کیا جائیگا لیکن اس پر تاحال عملی کام شروع نہ ہو سکا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں امن قائم کی نہ ہی کرپشن کا خاتمہ کر دیا بلکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کرپشن عروج پر ہے تمام ادارے تباہ ہو رہے ہیں تر قیاتی فنڈز لیپس ہو کر صوبہ پسماندگی کا شکار ہو رہا ہے حکومتی خزانہ بے دردی سے لوٹ جانے سے ملازمین کے لئے تنخواہوں کے لئے پیسے تک نہیں عوام پی ٹی آئی حکومت سے تنگ آچکے ہیں صوبے میں دھڑا دھڑ روزانہ لوگ ہزاروں کی تعدد میں اے این پی میں شامل ہو رہے ہیں #

متعلقہ عنوان :