لبارڈ کے ساتھ اشتراک سے معذوری کا شکار افراد کو ضرورت اور بنیادی حقوق کی بنیاد پر خدمات مہیا کرے گی ‘ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

جن میں امدادی آلات سے لیکر خود انحصاری کی تربیت ، تعلیم ،سکلز ٹریننگ ، ملازمت اور کارو بار کیلئے مالی اعانت کی فراہمی شامل ہے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب کا بھر پور دلچسپی معاہدے کی کامیابی کی ضمانت ہے‘صوبائی وزیر خزانہ لبارڈ اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے مابین معذور افراد کی بحالی کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

ہفتہ 3 دسمبر 2016 18:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) خصوصی افراد میں معذوری جسمانی و ذہنی نقائص سے زیادہ معاشرتی رویوں کی پیداوار ہے ۔معذور افراد کے حقوق کے استحصال کا آغازخود ان کے اپنے گھروں سے ہوتا ہے جہاں والدین ان کے ساتھ امتیازی سلوک برتتے ہیں اور انھیں تعلیم ،علاج اور معاشرے سے مطابقت جیسی بنیادی ضروریات سے محروم کر دیا جاتاہے ،حکومت پنجاب خصوصی افراد کو تعلیم،صحت ،ووکیشنل ٹریننگ اور کاروبار کے یکساں مواقعوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشرے میں ان کے مقام کی بحالی کے لیے بھی کوشاں ہیں جس کے لیے عوامی سطح پر آگاہی مہمات چلائی جا رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی وائس چیئر پرسن ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر لاہور بزنس مین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں(لبارڈ)اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (پسپا) کے مابین معذور افراد کی بحالی کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کے موقع پر خصوصی پیغام کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی سطح پر معذور افراد کی بحالی کے لیے باقاعدہ پالیسی ترتیب دے دی گئی ہے جس کے تحت حکومت پنجاب اپنے پرائیویٹ پارٹنر بالخصوص لبارڈ کے ساتھ اشتراک سے معذوری کا شکار افراد کو ضرورت اور بنیادی حقوق کی بنیاد پر خدمات مہیا کرے گی جن میں ان کے امدادی آلات سے لے کر خود انحصاری کی تربیت ، تعلیم ،سکلز ٹریننگ ، ملازمت اور کارو بار کے لیے مالی اعانت سمیت بلاسود قرضوں کی فراہمی شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف خصوصی افراد کے مسائل کے حل میں براہِ راست دلچسپی لے رہے ہیں لبارڈ کے ساتھ معاہدہ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔تقریب میں لبارڈ کے جنرل سیکرٹری محمد سعید خان اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر خدمت کارڈ پروگرام مرزا نصیر عنایت نے پسپا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سہیل انور کی موجودگی میں فریقین کی جانب سے مفاہمتی یاداشت (MOU)پر دستخط کیے ۔ڈاکٹر سہیل انور نے مشترکہ معاہدہ پر فریقین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کی لیبر مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ اور ملازمتوں کی فراہمی ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گی۔