کونسلر اپنے اپنے محلہ اور وارڈ کی سطح پر ٹھیکری پہرے کا اہتمام کریں‘ ایس ایچ او سٹی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 18:46

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منیر مسعود مارتھ کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او سٹی سید نصیر احمد شاہ نے بلدیہ چکوال کی37نو منتخب کونسلروں کے تھانہ سٹی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونسلر اپنے اپنے محلہ اور وارڈ کی سطح پر ٹھیکری پہرے کا اہتمام کریں اور اپنے اپنے علاقہ میں موجودہ کرایہ داروں کی حرکات سکنات اور مشکوک افراد پرکڑی نظر رکھیں اور اگرانہیں کوئی مشکوک شخص یا سرگرمی نظر آئے تو اس کی اطلاع فوری طور پر تھانہ سٹی کو دیں۔

(جاری ہے)

ایس ایچ اوسٹی سید نصیر احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پولیس کے ساتھ ساتھ نو منتخب کونسلروں اور سول سوسائٹی کا بھی فرض کہ وہ سٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل کی چوری جیسی وارداتوں کی روک تھام کیلئے اپنا کردار اد اکریں۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور شہر میں کافی حد تک غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہوگئی ہے۔ اس موقع پر نو منتخب کونسلروں نے ایس ایچ او سٹی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ پولیس کی مثبت سوچ کی حمایت کرتے اور اپنے اپنے علاقہ میں موجود غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کریں گے اور اپنا قومی فریضہ سرانجام دیں گے۔