ماںاور بچے کی صحت کا ہفتہ5سے 10 دسمبر کو منایا جا رہا ہے‘ڈاکٹر امجد ہاشمی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 18:46

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) ڈاکٹر امجد ہاشمی ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ چکوال اور ڈاکٹروسیم بشیر ڈسڑکٹ کوآرڈینیٹر برائے (IRMNCH)چکوال نے کہا ہے کہ پاکستان میں مائوں اور بچوں کی شرح اموات کو کم کرنے اور انھیں مختلف امراض سے بچانے کیلئے محکمہ صحت ودیگر ادارے مل کر کوشش کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں مشترکہ پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہر سال دو مرتبہ ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منایا جاتا ہے۔

اس بار ماںاور بچے کی صحت کا ہفتہ5سے 10 دسمبر 2016؁ء کو منایا جا رہا ہے۔ جس میں لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر ایک دن سے دو سال کے تمام بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگوانے کا بندوبست کریں گی اور دو سال سے پانچ سال تک کے تمام بچوں کو پیٹ کے کیڑوں کی گولیاں کھلائیں گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ حاملہ خواتین دودھ پلانے والی مائوں اور دوسری خواتین سے مختلف موضوعات پر ہیلتھ سیشن کریں گی اور حاملہ مائوں کو تشنج سے بچائو کے ٹیکے لگوائیں گی۔

مائوں کونمونیہ سے بچائو کے بارے میں حفاظتی تدابیراور نمونیہ کی خطرناک علامات سے آگاہ کریں گی۔ اس مہم میں تقریباً 1013 لیڈی ہیلتھ ورکرز، 60 ایریا انچارج ،68 ویکسینیٹر فیلڈ میں کام کریں گے۔ مہم کی تشہیر کیلئے واک اور سیمینار بھی منعقد کئے جا رہے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس مہم سے مستفید ہو سکیں۔اس مہم کو سپروائز کرنے کے لئے ضلعی تحصیل اور یونین کونسل سطح پر نگران مقرر کئے گئے ہیں۔