فلمی صنعت کسی بھی معاشرے کی ثقافت اور اقدار کو اجاگر کرنے میں اہم کردار کرتی ہے،پاکستان بھر میں علاقائی اور مقامی تھیٹر اور فلموں کو ازسرنو زندہ کرنے کی ضرورت ہے،وفاقی حکومت نے صوبائی ، علاقائی اور مقامی سطح پر فلمی صنعت کو ترقی دینے کی ضرورت محسوس کی ہے، وزیر اعظم فلمی صنعت کے احیاء میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، اسلام آباد میں نیشنل آرٹسٹ کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں وزیراعظم محمد نواز شریف نیشنل آرٹس فنڈ کا اعلان کریں گے

وزیر مملکت مریم اورنگزیب کا ’’انٹرٹینمنٹ اینڈ پروڈکشن فوکس پی کے 16 ‘‘کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 18:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلمی صنعت کسی بھی معاشرے کی ثقافت اور اقدار کو اجاگر کرنے میں اہم کردار کرتی ہے،پاکستان بھر میں علاقائی اور مقامی تھیٹر اور فلموں کو ازسرنو زندہ کرنے کی ضرورت ہے،وفاقی حکومت نے صوبائی ، علاقائی اور مقامی سطح پر فلمی صنعت کو ترقی دینے کی ضرورت محسوس کی ہے، وزیر اعظم فلمی صنعت کے احیاء میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،اٹھارویں ترمیم کے بعد سینسر شپ پالیسی کے اختیارات صوبوں کو منقل ہو گئے ہیں، سینسر شپ پالیسی میں فلم انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرنے کے لے انڈسڑی سفارشات دے، وفاقی حکومت فلم اینڈ پروڈکشن انڈسٹری کو بحال کرنا چاہتی ہے اور اس کے لئے انڈسٹری کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے زیر اہتمام ’’انٹرٹینمنٹ اینڈ پروڈکشن فوکس پی کے 16 ‘‘کے نام سے منعقدہ 2 روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلمی صنعت کسی بھی معاشرے کی ثقافت اور اقدار کو اجاگر کرنے اور بعض اوقات ان کا تعین کرنے میں اہم کردار کرتی ہے۔

یہ صنعت سماج میں ممنوع موضوعات کو چیلنج کرنے ، کمزور اور ایسے طبقات جن سے کسی کا مفاد وابستہ نہیں، کی آواز بننے اور لوگوں کو متحد کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ یہ صنعت لوگوں کو تقسیم کرنے ، ان کے درمیان دیواریں کھڑی کرنے اور سیاسی و سماجی اختلافات کو بھی ہوا دے سکتی ہیں۔ اس صورتحال میں ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم نہ صرف اس کے انفراسٹرکچر کو ترقی دینے میں سرمایہ کاری کریں بلکہ ان نظریات کو بھی ترقی دینے میں اپنا وقت صرف کریں جو ہمارے معاشرے کی ترقی میں مدد دے سکتے ہیں۔

پاکستان بھر میں علاقائی اور مقامی تھیٹر اور فلموں کو ازسرنو زندہ کرنے کی ضرورت ہے ۔وفاقی حکومت نے صوبائی ، علاقائی اور مقامی سطح پر اس صنعت کو ترقی دینے کی ضرورت محسوس کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم فلمی صنعت کے احیا میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، وہ اس حوالے سے اپنے ویژن کا اظہار مشترکہ مفادات کی کونسل میں کرینگے جہاں تمام صوبے مل بیٹھ کر اس تفریحی صنعت کی ترقی اور نمو بارے مشترکہ حکمت عملی پر غورو فکر کرسکتے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد میں نیشنل آرٹسٹ کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں وزیراعظم محمد نواز شریف نیشنل آرٹس فنڈ کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ سے نہ صرف آرٹسٹوں کی مالی معاونت کی جائے گی بلکہ نئے آنے والے ٹیلنٹ کے لئے بھی استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فلمیں نہیں بنا سکتی لیکن فلمیں بنانے والوں کی معاونت کر سکتی ہے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وہ کانفرنس کی صرف افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے نہیں آئیں بلکہ وہ دو دن کانفرنس میں شریک رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میری پوری ٹیم یہاں موجود ہے تاکہ ہم اس انڈسٹری کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، کانفرنس سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا اور اس سے حکومت اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے درمیان خلا کو دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن ہے کہ فلم انڈسٹری کو ترقی دیں۔ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک بھر میں تھیٹر اور فلم انڈسٹری کو دوبارہ سے اپنے پیروں پر کھڑا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن اور محفوظ پاکستان کے لئے آرٹسٹ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت اور انڈسٹری کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گی۔ قبل ازیں ایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی کی چیئر پرسن عتیقہ اوڈھو نے کانفرنس میں شرکت کرنے پر وزیر مملکت مریم اورنگزیب کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو فروغ دینا ہے، عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ فوکس پی کے 16 کے نام سے کانفرنس کے انعقاد کا سہرا ایف پی سی سی آئی کو جاتا ہی, یہ اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے پاکستان کا مثبت چہرہ پوری دنیا کے سامنے جائے گا۔ ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خالد تواب نے کہا کہ فیڈریشن نے انٹرٹیمنٹ انڈسڑی کو فروغ دینے کے لئے اس کانفرنس کو سپورٹ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے کبھی انٹرٹیمنٹ انڈسٹری کو سپورٹ نہیں کیا لیکن یہ وقت کی ضرورت ہے کہ انڈسٹری کو ترقی ملے تاکہ نیا ٹیلنٹ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ خالد تواب نے کہا کہ بزنس اور انٹرٹینمنٹ کا چولی دامن کا ساتھ ہے، یہی وجہ ہے کہ ایف پی سی سی آئی کی خواہش ہے کہ اس کانفرنس کا انعقاد ہر سال کیا جائے۔ کانفرنس سے سینئر آرٹسٹ انور مقصود نے بھی خطاب کیا جبکہ فلم اینڈ پروڈکشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کی۔