سفاری زو میں لائے جانے والے پرندوں و جانوروں کومکمل طبی معائنہ کے بعد شامل کیا جائے، ملک افضل کھوکھر

ہفتہ 3 دسمبر 2016 18:29

لاہور۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)رکن قومی اسمبلی و چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی برائے جنگلی حیات ملک محمد افضل کھوکھر نے کنٹریکٹرز کو سفاری زو میں پلے لینڈ اور فوڈ کورٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہونے کی صورت میںذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات یہاں سفاری زو میں پلے لینڈ اور فوڈ کورٹ کے دورہ کے بعد موقع پر منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈکوارٹر محمد نعیم بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سفاری زو سید ظفرالحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود، وٹرنری آفیسر ڈاکٹر رضوان اور دیگر افسران کے علاوہ محکمہ بلڈنگز کے حکام اور کنٹریکٹر صاحبان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ سفاری زو میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کسی کو مقررہ سے زائد وقت نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے وٹرنری آفیسر ڈاکٹر رضوان کو ہدایت کی کہ سفاری زو میں لائے جانے والے پرندوں و جانوروںکو مکمل طبی معائنہ کے بعد دیگر جانوروں و پرندوں میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر ضبط کردہ پرندوں و جانوروں کو لاہور چڑیا گھر میں رکھنے کی بجائے سفاری زو منتقل کیا جائے تاکہ یہاں جانوروں اور پرندوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ سفاری زو کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور اسے سٹیٹ آف دی آرٹ پارک بنانے کے لئے مزید فنڈز کا حصول یقینی بنایا جائے اور کسی بھی دشواری کی صورت میں ان سے فوری رابطہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سفاری زو میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے اسے صوبہ بھر کے تمام پارکوں میں کلیدی حیثیت حاصل ہو جائے گی۔