ایبٹ آباد،نجی تعلیمی اداروں کے مالکان اچھے اساتذہ کا انتخاب کریں جوبچوں کو محنت سے پڑھائیں،صوبائی وزیر خوراک

ہفتہ 3 دسمبر 2016 18:14

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے کہا ہے نجی تعلیمی اداروں کے مالکان اچھے اساتذہ کا انتخاب کریں جوبچوں کو محنت سے پڑھائیں تاکہ ملک و قوم کا نام روشن ہو۔گزشتہ روز وہ بانڈہ قاضی میںپاکستان چلڈرن اکیڈمی کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کی بدولت ایبٹ آباد نے تعلیمی میدان میں ترقی کی ہے۔

شہری علاقوں میں سرکاری اسکولوں کی کمی کو نجی تعلیمی ادارے پورا کررہے ہیں۔ عوام کی کثیرتعدادنے تقریب میںشرکت کی۔ ایبٹ آباد کے گائوں بانڈہ قاضی میں معیاری تعلیمی ادارہ نہ ہونے کی وجہ سے مقامی بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ مقامی لوگوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ایبٹ آباد کے معروف ماہرتعلیم مختیارقریشی نے بانڈہ قاضی میں پاکستان چلڈرن اکیڈمی کے نام سے نجی اسکول کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

پاکستان چلڈرن اکیڈمی کی افتتاحی تقریب گزشتہ شام منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر خوراک خیبرپختونخواہ قلندرخان لودھی نے فیتہ کاٹ کر اسکول کا افتتاح کیا اور دعا کی۔ اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں اورمقامی لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ پاکستان چلڈرن اکیڈمی کے بچوں نے مختلف خاکے پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ اسکول کے ایم ڈی مختیار قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے اسکول میں یتیم ، نادار اور مستحق بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔

انگریزی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کا بھی خصوصی انتظام کیاگیاہے۔ جبکہ حقیقی بہن بھائیوں کو فیس میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ ہمارا سب سے اہم ہدف اس کابات کو یقینی بناناہے کہ تعلیم متوازن، ذمہ دار ذہن اور دیکھ بھال کرنے والے افراد تیار کئے جائیں۔ جو معاشرے، قومی اور ملی ورثہ کی قدر و قیمت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکی، ملی، سماجی اور معاشی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکے۔