نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی اور بنیادی صحت ضلع بہاول نگر کے زیر اہتمام 5 تا 10دسمبر ----’’ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ‘‘ منایا جائے گا

ہفتہ 3 دسمبر 2016 17:44

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء)نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی اور بنیادی صحت ضلع بہاول نگر کے تحت 05دسمبر تا 10دسمبر ----’’ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ‘‘ منایا جائے گا۔ جس کا مقصد اس صدی میں صحت کے بارے میں ترقیاتی اہداف (MDGs)حصول ہے اس ہفتے کے دوران دو سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کو حفاظتی ٹیکے لگائیں جائیں گے اور تمام حاملہ خواتین کو فولاد کی گولیاں بھی دی جائیں گی ۔

6ماہ سے 5پانچ سال تک کی عمر کے بچوں ، دودھ پلانے والی ماؤں اور حاملہ عورتوںکو جو غذائی قلت کا شکارہیں ان کے لیے بھی خصوصی انتظام کیے گئے ہیں۔ اس مہم کو سر انجام دینے کے لیے نیشنل پروگرام کی 1460لیڈی ہیلتھ ورکر ز اور62کمیونٹی مڈوائف گھر گھر جا کر یہ تمام امور سر انجام دینے کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر گھروں اور سکولوں میں طبی تعلیمی اجتماعات کا اہتمام کر یں گی اور اس مہم کو 64ایریا انچارج ، تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ اور تمام ضلعی آفیسر سپروائز کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس مہم کے مقاصد کو اجاگر کرنے کے لیے ڈسڑکٹ ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر بہاول نگر میں سیمینار کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں تمام طبقہ ہائے فکر کے افراد بشمول خواتین نے شرکت کی ۔ اس موقع پرڈی ۔او۔ہیلتھ بہاول نگرڈاکٹر چوہدری صغیر احمدنے اپنے خطاب میں عام لوگوں کی باہمی شرکت اور ٹیموں کے عزم صمیم کو وہ لازمی جزو قرار دیا جس کے بغیر یہ مہم کامیاب نہیں ہو سکتی اور نہ ہی ماں اور بچے کی صحت کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔سیمینار میںڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر خالد حسین ،پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر کلیم راجہ نے بھی خطاب کیا ۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے آگاہی واک بھی کی۔