محکمہ خصوصی تعلیم کی جانب سے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کا اہتمام

ہفتہ 3 دسمبر 2016 17:01

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) محکمہ خصوصی تعلیم سندھ نے خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے پریس کلب کراچی سے آرٹس کونسل تک آگاہی واک کا اہتمام کیا جس میں این جی اوز، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، خصوصی بچوں اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محکمہ خصوصی تعلیم کے تحت اس واک کا مقصد لوگوں میں خصوصی افراد کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔

واک کے موقع پر بچوں نے مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے۔ واک کے موقع پر کراچی ریجن کے ریجنل ڈائریکٹر، مختلف سینٹرز کے پرنسپلز، ڈائریکٹرز، اور دیگر افسران کے علاوہ مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ واک کے اختتام پر خصوصی بچوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملی نغمے، ٹیبلو اور تقاریر بھی کیں جس میں انہوں نے اپنے مسائل اور اس کے حل کے لئے کچھ تجاویز بھی پیش کیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ریجنل ڈائریکٹر کراچی، عبدالخالق سولنگی نے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال رکن بنا کر ملکی ترقی کے لئے ان کے کردار کو حقیقی حیثیت دی جائے گی، حکومت سندھ خصوصی بچوں کی ترقی کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے جو ان کی معاشی اور سماجی بحالی میں معاون اور مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم کی وسعت سے ہم خصوصی افراد کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے لئے ملازمت کے مخصوص کوٹہ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :