کشمیری عوام سے کئے گئے ایک ایک وعدہ پورا کیا جائے گا، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر احسن انداز میں حکومتی فرائض سرانجام دے رہے ہیں،ہمارے دور حکومت میں آزاد حکومت کو فنڈز کی کمی نہیں ہوگی

وفاقی وزیر چوہدری محمدبرجیس طاہر کی صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 3 دسمبر 2016 16:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے کشمیری عوام سے جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک ایک وعدہ پورا کیا جائے گا،وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر احسن انداز میں حکومتی فرائض سرانجام دے رہے ہیں، ہمارے دور حکومت میں آزاد حکومت کو فنڈز کی کمی نہیں ہوگی۔

گذشتہ روز یہاں وزارت امور کشمیر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گڈ گورننس کا قیام، خطے کی تعمیر و ترقی اور مسئلہ کشمیرہماری اولین ترجیح ہے، ا نہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور سیز فائر لائن کے قریب آباد کشمیریوں کے مسائل پر ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر حکومت اور وہاں کے عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں چند دن قبل ایک خصوصی اجلاس بلایا تھا اور آئندہ ہفتے تک وزیراعظم نے تمام تر مسائل کے ممکنہ حل کیلئے مکمل رپورٹ تیار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف آئندہ چند دنوں میں مظفرآباد کا دورہ بھی کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت محظ ہوائی اعلانات کے قائل نہیں ہے اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں ہم نے جو جو وعدے کیے انھیں پورا کیا جا رہا ہے۔آزاد کشمیر کے لئے تولی پیر گنگا چوٹی روڑ سمیت شاہرات کے تین میگا پراجیکٹ کی منظوری دی جا چکی ہے اس کے علاوہ انتخابات میں ہم نے آزاد حکومت کو ائیر ایمبولینس سروس مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر وزیراعظم محمدنو از شریف نے جلد ہوم ورک مکمل کرنے کا حکم دیا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا پختہ عزم ہے کہ اپنے اقتدار میں آزاد کشمیر کے لئے ایسے تاریخی منصوبوں پر کام شروع کر دیں جو خطے کے لوگوں کو نہ صرف بنیادی مسائل سے نجات دلا سکیں بلکہ آزاد کشمیر کے عوام کی دیرپا ترقی اور خوشحالی کا سبب بھی بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ (ن )لیگ اپنے دور اقتدار میں آزاد خطے کے اندر تعمیر و ترقی کا انقلاب بر پا کرے گی۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر احسن انداز میں حکومتی فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور ہمارے دور حکومت میں آزاد حکومت کو فنڈز کی کمی نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے کشمیری بھائی بھارتی مظالم کا جس بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں یہ کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کشمیری سینے پر گولیاں کھانے کے باوجود مملکت خداداد پاکستان کا سبز ہلالی پرچم تھامے ہوئے ہیں ۔ پاکستان کی تمام عوام اور سیاسی قیادت کشمیریوں کے اس جذبے کو داد دیتی ہے اور ہم محکوم کشمیریوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ انکی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کا جو بازار گرم کر رکھا ہے اسکی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔حکومت پاکستان دنیا بھر میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور ہم مقبوضہ کشمیر میںبھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر دنیا کر بیدار کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :