حکومت میلاد النبی ؐ کی محافل پرسکیورٹی کے مناسب انتظامات کریں ‘ڈاکٹر راغب نعیمی

امن وامان کے لئے علماء کرام اورمیلاد کمیٹیوں کے ممبران انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں ‘ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

ہفتہ 3 دسمبر 2016 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) معروف مذہبی اسکالر وناظم اعلی ٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ حکومت میلاد النبی ؐ کی محافل اور جلوسوں پرسکیورٹی کے مناسب انتظامات کریں۔امن وامان کی صورتحال کوبرقراررکھنے کے لئے علماء کرام اورمیلاد کمیٹیوں کے ممبران انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں ۔

شرپسند عناصر پر کڑ ی نظر کی جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں نعیمین میلاد کونسل کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ ملک تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے، دہشت گردی و انتہاپسندی سمیت ملک کو دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ محافل میلاد النبی ؐ میںغیرشرعی امور سے اجتناب کیاجائے۔تقریبات اورجلوس بارے متعلقہ ریاستی اداروں سے اجازت لی جائے۔

دشمن ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے لیکن قوم کے اتحاد کی طاقت سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنایا جائے۔ دین اسلام اپنے پیروکاروںکو صبر و تحمل، برداشت اور بردباری کا درس دیتا ہے۔ موجودہ حالات میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔علماء کرام کو مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور پرامن فضا کو یقینی بنانے کیلئے سب کو مثبت کردار ادا کرنا ہے۔