خصوصی افراد کو بہتر دیکھ بھال اور اچھے برتاؤ سے معاشرے کا کارآمد فرد بنا سکتے ہیں،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 3 دسمبر 2016 16:26

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بھی ہمارے معاشرے میں اتنے ہی اہم ہیں جتنے کہ دیگر عام لوگ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد پر خصوصی توجہ دینے اور انکے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے سے ہم انہیں معاشرے کا کارآمد فرد بنا سکتے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے گورنمنٹ پائلٹ پروجیکٹ فار فزیکلی ہینڈی کیپڈ چلڈرن جی او آر کالونی حیدرآباد میں منعقدہ واک اور تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کی دیکھ بھال اور انکی بہتر نگہداشت کیلئے کئی پراجیکٹ شروع کیے گئے ہیں تاکہ خصوصی افراد بھی دیگر ترقیاتی ممالک کی طرح ہمارے ملک میں معمول کی زندگی گذاریں اور اپنا روزگار کمانے کے قابل ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب میں خصوصی بچوں نے مختلف قسم کے ٹیبلوز پیش کیے اور اشاروں سے قومی ترانہ پیش کیا جس پر ڈی سی حیدرآباد نے ان بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پانچ پانچ ہزار روپے فی بچہ دینے کا اعلان کیا جبکہ بچوں کی پرفارمنس کو ناظرین کی جانب سے بہت سراہا گیا ۔ تقریب میں چیئر مین ہلال احمر ڈسٹر کٹ حیدرآباد ڈاکٹر فاروق میمن ، ریجنل ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن حیدرآباد ریاض الرحمان کوریجو ودیگر نے بھی شرکت کی ۔