معذور افراد زیادہ توجہ اور دیکھ بھال کے مستحق ہیں ، چوہدری عبدالروف

ہفتہ 3 دسمبر 2016 13:39

رحیم یار خان۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)معذور افراد عام لوگوں کی نسبت زیادہ توجہ اور دیکھ بھال کے مستحق ہیں ،ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی سابق صدر چیمبرآف کامرس رحیم یار خان چوہدری عبدالروف نے چلڈرن ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام معذور وں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہاکہ ذہنی معذور ہوں یا جسمانی معذور ایسے خصوصی لوگ ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں، اگر ان کی مناسب دیکھ بھال کی جائے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کیاجائے تو یہ خصوصی افراد عام لوگوں کی نسبت زیادہ پرامن اور معاشرے کے مفید شہری بن سکتے ہیں ۔ہمیں چاہیے کہ اپنے اردگرد گلی محلوں ،مارکیٹس ،گھروں میں موجود ایسے لوگوں کو عضو معطل نہ سمجھیں بلکہ ان پر توجہ دیں تاکہ ان میں احساس محرومی پیدا نہ ہو، تقریب کی صدارت سینئر ایڈووکیٹ چوہدری بشیراحمد نے کی ۔

(جاری ہے)

این سی ایچ ڈی کے ضیاالقادر نے معذور افراد کے عالمی دن کے حوالے سے کہاکہ 1992سے پوری دنیا میں عالمی دن برائے معذوراں منایاجاتاہے ،اس حوالے سے سکول فار سپیشل پرسنز 2002ء سے باقاعدگی سے یہ تقریب منعقد کررہاہے جس کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ تقریب میں مہمانوں نے وہیل چیئر سائیکل ریس کے 30شرکا ء میں انعامات جبکہ50معذور بچوں میں موسم سرما کے گرم کپڑے تقسیم کیے۔ سیمینار میں مسز عقیلہ کنول، چوہدری یونس وڑائچ ودیگربھی شریک تھے۔