عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مقامی منتظمین کی مشاورت سے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے،اسسٹنٹ کمشنر

ہفتہ 3 دسمبر 2016 13:36

رحیم یارخان۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مقامی منتظمین کی مشاورت سے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے، ممبران امن کمیٹی فعال کردار ادا کریں اور انتظامی افسران اراکین امن کمیٹی ، علماء کرام سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھا جا سکے، ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنانے اور پارکنگ کے لئے بھی جامع پلان مرتب کیا جائے جس میں تاجر برادری سے بھی مشاورت کی جائے، وال چاکنگ ، اسلحہ کی نمائش اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان ڈاکٹر عدنان خان کی زیر صدارت تحصیل امن کمیٹی کے اجلاس میں عید میلاد النبیؐ کے انتظامات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں فیصلے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں علامہ عبدالروف ربانی، انور علی انصاری، بابر زمان، مرتضی حیدر، قاضی خلیل الرحمن، علامہ نور احمد سیال، رئیس نیاز احمد چاچڑ، الیاس سعیدی سمیت دیگرنے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عدنان خان نے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، ہمارے شہر میں علماء کرام کے تعاون سے بہترین مذہبی ہم آہنگی کی فضا قائم ہے جسے برقرار رکھا جائے گا اور اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر بھی تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، تاجر برادری اور سول سوسائٹی نے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اورعید میلاد النبیؐ کے موقع پر بھی اس تسلسل کو قائم رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام اہم جلوس و تقاریب میں انتظامات کا خود جائزہ لیں گے اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالروف ربانی، حاجی انور علی انصاری، بابر زمان، الیاس احمد سعید، نور احمد سیال ، رئیس نیاز چاچڑ و دیگر نے کہا کہ ہمارا ضلع امن کا گہوارہ ہے اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام محب وطن اور ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مذہبی تہوار پر انتظامیہ نے مثالی اقدامات کئے اور اس روایت کو قائم ودائم رکھا جائے گا،تمام علماء کرام نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :