اشتعال انگیز بیانات سے پاک بھارت کو جنگ کی دہلیز پر کھڑاکردیا ، بھارتی وزراء ذمہ داری کا مظاہرہ کریں،عمر عبداللہ ورکنگ بائونڈری اورجنگ بندی لائن پر دشمنی کو سیاسی فوائد کیلئے بڑھاوا دیا گیا،اس کی قیمت کشمیریوں کو چکانی پڑی ہے،ترجمان کا بیان

ہفتہ 3 دسمبر 2016 13:12

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء) نیشنل کانفرنس نے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کے بیان کو حق بہ جانب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اشتعال انگیز بیانات سے بھارت اور پاکستان کے درمیان دشمنی پیدا ہوگئی اوردونوں ملکوں کو جنگ کی دہلیز پر لاکر کھڑاکردیا ہے۔ گزشتہ روزنیشنل کانفرنس ترجمان جنیدعظیم متو نے کہا کہ ورکنگ بائونڈری اورجنگ بندی لائن پر دشمنی کو سیاسی فوائد کیلئے بڑھاوا دیا گیا اور دشمنی کی قیمت جموں و کشمیر کے عوام کو چکانی پڑی ہے۔

بھارتی وزراء صبر اور ذمہ داری سے کام لیں اور جارحانہ بیانات سے پرہیز کریں خاص کر جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف دیئے جانے والے بیانات سے خود کو دور رکھیں۔ جھوٹی سینہ کوبی کرنے والے عام لوگوں کے مفادات کے علاوہ پورے خطے کے لوگوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

(جاری ہے)

جنگ کے خواہش مند افراد کو ایسے کرنے سے وقتی طور پر کچھ پارٹیوں کو فائدہ ہوسکتا ہے مگراس سب کے طویل مدتی اثرات مرتب ہونگے جو خطے کے امن و امان کیلئے خطرہ پیدا کرسکتے ہیں۔

عمر عبداللہ کے بیان کی تائید کرتے ہوئے جنیدعظیم متو نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو بی جے پی سے کسی سند کی ضرورت نہیں ہے۔ اسلام آباد اور نئی دلی کوآپسی مذاکرات شروع کرنے چاہئے اور مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور حتمی حل تلاش کرنے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ خطے میں امن قائم ہوں۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان فوراًبات چیت کا سلسلہ شروع کیا جانا چاہئے جبکہ نئی دلی کشمیریوں کے ساتھ بھی بات چیت کا سلسلہ شروع کرے کیونکہ اس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :