متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بڑی اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک مشترکہ مذہبی، تاریخی، جغرافیائی تعلقات میں جڑے ہوئے ہیں،اہم عالمی اور علاقائی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کامتحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر عشائیہ سے خطاب

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بڑی اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک مشترکہ مذہبی، تاریخی، جغرافیائی تعلقات میں جڑے ہوئے ہیں اور اہم عالمی اور علاقائی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ جمعہ کو یہاں متحدہ عرب امارات کے 45ویں قومی دن کے موقع پر عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوطرفہ تعلقات تمام شعبوں پر محیط ہے جس سے ہمارے عوام کو فائدہ ہو رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے یو اے ای کے قومی دن پر وزیراعظم محمد نواز شریف عوام اور اپنی جانب سے امارات کی اعلی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط کا بڑا ذریعہ ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 2 دسمبر 1971ء کو متحدہ عرب امارات کے قیام کے بعد پاکستان نے سب سے پہلے اس کے ساتھ تعلقات قائم کئے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔ قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ الباشا النعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اپنے وجود میں آنے کے بعد تمام شعبوں میں زبردست کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سابق حکمران شیخ زید بن سلطان النیہان کی بصیرت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جن کی کاوشوں سے متحدہ عرب امارات نے زندگی کے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی موجودہ حکومت اپنے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے زبردست کامیابیاں حاصل کیں۔ سفیر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے خطہ کو اس وقت مسائل کا سامنا ہے اور متحدہ عرب امارات خطہ میں امن و استحکام کیلئے کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں مختلف فلاحی منصوبوں کیلئے تعاون کر رہا ہے اور تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، شاہرات کی تعمیر میں بھرپور تعاون فراہم کر رہا ہے۔ تقریب کے آغاز پر متحدہ عرب امارات کے 45ویں قومی دن پر کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر یو اے ای کی ترقی و خوشحالی سے متعلق دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔