وزیر اعلیٰ سندھ سے زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد کی ملاقات

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:57

وزیر اعلیٰ سندھ سے زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد کی ملاقات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 40 زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ و دیگر بھی موجود تھے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ اچھے طریقے سے اپنی تربیت حاصل کر رہے ہیں اور فیلڈ میں آپ کیلئے بڑے چیلینجز ہیں لہذا آپ کو فیلڈ میں محنت اور دیانتداری سے کام کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں پولیس ، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سخت محنت کی ہے اور اسی محنت اور قربانی کے نتیجے میں کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی مقامی اشو نہیں ہے بلکہ پاکستان کے دشمن دہشت گردوں کو تربیت دے کر یہاں بھیجتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے بچوں اور ملک کے دشمن ہیں، آپ کو ان کے خلاف بھی لڑنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ایک اے ایس پی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا کہ سندھ حکومت امن وامان پر 60 بلین روپے سے زائد خرچ کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں محنت اور دیانتداری سے کام کر رہا ہوں اور امید ہے کہ ترقیاتی کاموں اور امن امان کے حوالے سے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں کوشش کر رہا ہوں کہ عوام کا پیسہ عوام کی بھلائی اور بہتری پر دیانتداری کے ساتھ خرچ ہو۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت پورے صوبے میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور مواصلات کے شعبے پر بطور خاص توجہ دی جا رہی ہے اور صوبے کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے محکمہ پولیس میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی ہیں اور میرٹ ہی ہمارے اداروں کو مزید مستحکم اور مضبوط کرے گی۔آئی جی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ پولیس ملک کا واحد ادارہ ہے جس نے آئی ٹی کیڈر بنایا ہے اور قوائد اور ضوابط بن رہے ہیں اور جلد آئی ٹی کا محکمہ بھی فعال ہوجائیگا۔ اس موقع پر تمام ایس پیز نے وزیراعلیٰ سندھ کے کام کو سراہتے ہوئے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں۔

متعلقہ عنوان :