گورنمنٹ ہائی سکول بدھوڑہ میں اساتذہ کی متعدد پوسٹیں خالی ہونے سے تعلیمی عمل متاثر ہونے کا خدشہ

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:54

ہری پور۔ 29 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) گورنمنٹ ہائی سکول بدھوڑہ میں ٹیچرز کی چھ پوسٹیں عرصہ دراز سے خالی ہونے کے باعث تعلیمی عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے، عوام کا صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان سے فی الفور ٹیچرز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلیان علاقہ کے مطابق ہری پور کے دور افتادہ علاقہ بدھوڑہ کے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں سائنس ٹیچرز کی دو، معلم اسلامیات، پی ای ٹی، ڈرائنگ ماسٹر، سی ٹی کی ایک ایک پوسٹ عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں جس کی وجہ سے سکول میں تعلیمی اور تدریسی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، میڑک کا امتحان سر پر آپہنچا ہے جبکہ سٹاف نہ ہونے کی وجہ سے طلباء پریشانی کا شکار ہیں، چھ پوسٹیں خالی ہوتے ہوئے طلباء کے سلیبس کو کیسے مکمل کیا جا سکتا ہے اور امتحان کی تیاری وہ کیسے کریں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح مذکورہ سکول کی کلرک کی پوسٹ بھی کئی سالوں سے خالی پڑی ہے۔ اہلیان علاقہ نے کہا کہ ایک طرف صوبائی حکومت سکولوں میں سٹاف کی کمی پوری کرنے کیلئے ہزاروں اساتذہ بھرتی کرنے کے دعوے کرتی ہے تو دوسری طرف سکولوںمیں تاحال سٹاف کی کمی ہے، ان حالات میں سکولوں کی انرولمنٹ بڑھانے کا خواب کیسے شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے، اگر سکولوں میں پڑھانے کیلئے اساتذہ نہیں ہوں گے تو لوگ کیسے اپنے بچے ان سکولوں میں بھیجیں گے۔ اہلیان علاقہ نے وزیر تعلیم عاطف خان سے مطالبہ کیا کہ وہ گورنمنٹ ہائی سکول بد ھوڑہ میں فی الفور ٹیچرز تعینات کرنے کے احکامات جاری کریں۔