اے ڈی لوکل گورنمنٹ نے ویلج کونسلوں کے زیر التوا بجٹ کی تیاری و منظوری کیلئے ڈی جی لوکل حکومت کو خط لکھ دیا

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:49

ہری پور۔ 29 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) اے ڈی لوکل گورنمنٹ نے ویلج کونسلوں کے زیر التوا بجٹ کی تیاری اور منظوری کیلئے ڈی جی لوکل حکومت کو خط لکھ دیاہے۔ اے ڈی عبدالرشید نے مذکورہ خط ویلج نیبرہڈ کونسلز کے صدر ملک فیصل اقبال کی قیادت میں ملنے والے وفد کے مطالبہ پر کیا۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت اگر ناظمین بجٹ منظور نہ کروا سکیں تو حکومت بجٹ تیار کروانے اور منظور کرنے کی مجاز ہوتی ہے۔

ویلج نیبرہڈ کونسلز ایسوسی ایشن ضلع ہری پور کے صدر ملک فیصل اقبال خان کی قیادت میں سید آفاق علی شاہ، فیضان خان، محمد اسلم، محمد اکرم، قاری صدیق، آصف خان، عمر خان اور ارشاد خان پر مشتمل وفد نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ہری پور عبدا لرشید سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد نے مطالبہ کیا کہ جن ویلج نیبرہڈ کونسلوں کے بجٹ کسی وجہ کی بنا پر تاحال منظور نہیں ہو سکے ہیں، ان کا حل نکالا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو سکے۔

باہمی مشاورت کے بعد اے ڈی عبدا لرشید نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خیبر پختون خوا کولکھے گئے خط میں کہا کہ جن ویلج کونسلوںکے بجٹ کسی وجہ سے منظور نہیں ہو سکے ہیں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کی سیکشن 35 کی سب سیکشن 4 کے تحت حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان کے بجٹ تیار کر کے پاس کروائے زیادہ تر ویلج کونسلوں کے بجٹ منظور ہو چکے ہیں تاہم ہری پور کی 10 سے زائد ویلج نیبرہڈ کونسلوں کے بجٹ کونسلرز کے عدم اتفاق اور باہمی اختلافات کی بنا پر منظور نہیں ہوئے ہیں جس سے ان ویلج نیبرہڈ کونسلوں میں تاحال ترقیاتی کاموں کا آغاز ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ ملک فیصل اقبال نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت بجٹ کی منظوری کے بعد ترقیاتی عمل کا آغاز ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :