معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے وہیل چیئر سائیکل واک اور ریس کا اہتمام

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:41

رحیم یار خان۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے چلڈرن ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام وہیل چیئر سائیکل واک اور ریس کا اہتمام کیاگیا، واک کی قیادت ضلعی آفیسر سوشل ویلفیئر رحیم یارخان صفدرحسین وڑائچ، ،بوٹاطاہر، لالہ ناصر محمود اور عمانویل عامی نے کی۔ اس موقع پر صفدر وڑائچ نے معذوروں کی بحالی کے لیے حکومتی سطح پر کئے جانے والے اقدامات کوسراہا کہ معذوروں کے لیے خدمت کارڈ کے اجرا کے ساتھ ساتھ ماہانہ وظیفہ ،ٹرین کے کرائے میں سہولت اور صحت کی سہولیات کا انتظام کیاجارہاہے۔

عمانویل عامی نے کہاکہ گورنمنٹ اور پرائیویٹ دفاتر میں معذور افراد کے لیے ریمپ بننے چاہییں تاکہ بنکوں، دفاتر،ہسپتال ودیگر جگہوں پر معذور افراد اپنی وہیل چیئر اور ٹرائی سائیکل اندرلے جاسکیں اور اپنے مسائل کے حل کے لیے گورنمنٹ دفاتر تک پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

بوٹاطاہر نے کہاکہ معذور افراد معاشرے کے خصوصی لوگ ہوتے ہیں جن کی حوصلہ افزائی ہم سب کی ذمہ داری ہے مگر افسوس ہے کہ عام شہریوں کو بھرپور طریقہ سے آگاہی نہ دی گئی ہے جس کی وجہ سے معذور افراد کی اس واک اور ریس میں بہت کم لوگ شریک ہوئے ہیں اگر لوگ ایسے خصوصی افراد کے ساتھ وقت گزاریں تو انکے مسائل کا علم ہوسکے گا اور انکی زندگی کو آسان کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جاسکیں گے۔

لالہ ناصر محمود ودیگر نے بھی ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا۔