نعت گوئی حمد و نعت لکھنے والوں کے لئے انتہائی معتبر ہے، نعت گوئی پر ابھی بھی کام کرنے کی بہت ضرورت ہے‘ پروفیسر سحر انصاری

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:38

نعت گوئی حمد و نعت لکھنے والوں کے لئے انتہائی معتبر ہے، نعت گوئی پر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) پروفیسر سحر انصاری نے کہا ہے کہ نعت گوئی حمد و نعت لکھنے والوں کے لئے انتہائی معتبر ہے‘ ہمارے نعت گوئی لکھنے والے بہت بڑے بڑے شاعر ہیں اور نعت گوئی پر ابھی بھی کام کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں نویں عالمی اُردو کانفرنس کے دوسرے روز جمعہ کو پہلا سیشن میں ’’حمد و نعت اور ہماری روایات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر رئوف پاریکھ، ڈاکٹر جہاں آراء لطفی، عزیز احسن، شاداب احسانی، تنظیم الفردوس،عنبرین حسین عنبرنے خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض عزیز الدین خاکی نے انجام دیئے۔ پروفیسر سحر انصاری نے کہاکہ حمد و نعت کا سلسلہ ہمارے ہاں 800سال سے جاری ہے جس میں تمام شعراء نے اپنا اپنا کلام کہا ہے جس میں غالب، بہادر شاہ ظفر سمیت دیگر شعراء شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رئوف پاریکھ نے کہا ہے کہ نعت گوئی دینی عقیدے کی بات ہے اس میں کی گئی شاعری عظیم ورثہ ہے جس کے حوالے سے بہت تحقیق کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر جہاں آراء لطفی نے کہا کہ نعت گوئی کی تاریخ کا پتہ چلتا ہے کہ وہ بہت پہلے شروع ہوئی تھی جس میں بہت سارے عاشقانِ رسول نے شاعری کی ، نعت گوئی کی شاعری پر دُنیا بھر میں بہت سی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔

عزیز احسن نے کہاکہ نعت گوئی ایک عقیدت ہے اس میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت نظر آتی ہے جس سے صحیح راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔ نعت گوئی میں الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتنی چاہئے۔ڈاکٹر شاداب احسانی نے کہاکہ حمد ونعت کالفظ بہت پرانا استعمال ہے لیکن 1988ء میں حمد و نعت کے نام کو استعمال کیاگیا جس کی نشاندہی پروفیسر سحر انصاری نے کی کہ صدیاں قبل حمد کے نام کو استعمال کیاگیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے حمد کے کچھ اشعار سنائے۔ عنبرین حسین عنبر نے کہا کہ صدیوں پہلے شروع ہونے والی نعت گوئی میں مولانا حالی، مولانا ظفر سمیت دیگر نے نعت گوئی کے لئے شعر لکھے، نعت گوئی ایک مذہبی شاعری ہے بہت سارے شاعروں نے نعت نگاری کی ہے، نعت میں فکراور سیرت کو اُجاگر کیاگیا ہے۔ علامہ اقبال نے بھی نعت گوئی کو عروج پر پہنچا دیا ۔ مولانا ظفر علی خان ،حفیظ جالندھری نے بھی نعت نگاری میں بہت کام کیا ہے اور آج بھی نعت گوئی میں کام جاری ہے۔