عالم اسلام کی ترقی صرف قرآن وسنت کی پیروی کر نے میں ہے‘ صاحبزادہ حق خطیب حسین علی بادشاہ

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) دربارعالیہ بلاوڑہ شریف کوٹلی ستیاںکے سجادہ نشین صاحبزادہ حق خطیب حسین علی بادشاہ نے کہا ہے کہ عالم اسلام کی ترقی صرف قرآن وسنت کی پیروی کر نے میں ہے‘ ہمیں اسلام کے شعائر کو اپنا نصب العین بنانا ہوگا‘ دیناوآخرت کی کامیابی اسی میں ہے‘ سرکار دو عالم ﷺ کے ہم امتی ہیں اور ان کے بتائے طریقوں پر چلیں گے تو کامیابیاں ہمارے قدم چومیںگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سویٹ ہوم میں منعقد ہ جشن آ مد ر سو ل ﷺ کے سلسلے میں ایک پروقار روح پرور محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس محفل میں سرپرست اعلیٰ پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان نے ان کا استقبال کیا اور مہمان خصوصی نے ان کے ہمراہ سویٹ ہوم کے بچوں کے ہاسٹل اور گریٹ ہوم کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن، مجتبیٰ عباسی، چوہدری زوالفقار، چوہدری حق نواز ، عبدالواحد بابر، ولید حسین، شہزاد اعوان، حسنین خان کے علاوہ جڑواں شہروں کے لوگوں نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولﷺ سے کیا گیا اور نعت خواہان نے سرور دو عالمﷺ کی شان میں جو کلام پیش کیا اس سے محفل کی رونق میں خوب اضافہ ہو گیا۔ زمرد خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز ایک ایسا ادارہ ہے جو پاکستان کی بنیادیں مضبوط کر رہا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں بچے پاکستا ن کا روشن مستقبل ہیں۔

مہمان خصوصی پیر حسین علی بادشاہ نے کہا کہ وہ پاکستان سویٹ ہوم جیسے ادارے میں خود کو شامل کرنا اپنا اعزاز سمجھتے ہیں ۔ اور آج سے وہ سویٹ ہوم کا حصہ ہیں اور اپنے ہزاروں مریدوں جو کہ پاکستان بھر میں موجود ہیں انہیں یہ پیغام دیتے ہیں کہ حضرت محمدﷺ سے نسبت رکھنے والے ان بچوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں ۔ تقریب کے اختتام پر مللک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گیئں۔