میئر بلدیہ عظمی کراچی وسیم اختر کا بلدیہ شرقی کا دورہ ، 100 روزہ عوامی خدمت مہم میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب و درستگی اورشجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا‘ چیئرمین بلدیہ شر قی معید انور

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:09

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) میئر بلدیہ عظمی کراچی وسیم اختر نے بلدیہ شرقی کا دورہ کیا ، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اس موقع پر میئر کراچی کو سو روزہ مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ ایک ہفتے کے اندر اندر ہی مہم کے نتائج عوام کے سامنے آجائیں گے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح صفائی ستھرائی کی مکینزم کو اپ گریڈ کرکے مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنا ہے۔

،میئر کراچی نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے افسران و عملہ اور عوام کے تعاون سے شہر کراچی میں مثبت تبدیلی نظر آئی گی اور چند مہینوں میں ہی عوام کو کراچی میں مستقل بنیادوں پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنادی جائیگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے ملازمین کا شکریہ ادا کیا ۔مزید براں چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے گلشن اقبال زون میں100 روزہ عوامی خدمت مہم کے تحت وائس چیئرمین عبدالرؤف خان، ایم این اے محمد مزمل قریشی ،ایم این اے سمن جعفری ، ایم این اے ڈاکٹر نگہت شکیل ،ایم پی اے فیصل سبزواری،ا یم پی اے محمود عبدالرزاق، ایم پی اے ہیر سوہو، ایم پی اے ناہید بیگم کے ہمراہ شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا ۔

چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اس موقع پر کہا کہ مہم میں تمام دستیابی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے عوامی تعاون کے ذریعے صفائی و ستھرائی ، لائیٹس کی تنصیب و درستگی اور بیوٹیفکیشن کیلئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جشن عید میلادالنبی ﷺ کو بھی مد نظر رکھتے ہوئے امور انجام دے رہے ہیں بالخصوص مساجد و جلوس کے روٹس پر اسٹریٹ لائیٹس اور صفائی ستھرائی کا خصوصی انتظام کیا جارہا ہے تاکہ عاشقان رسول ﷺ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :