سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد افضل سے پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر،سابق عالمی سکواش چمپئن اور دیگر کی ملاقات

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد افضل سے پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر ، سابق عالمی سکواش چمپئن اور خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمر زمان نے چیمبر آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق ہاکی اولمپئن حاجی رئوف اور سکواش ایسوسی ایشن کے ممبر ہدایت اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سرحد چیمبر کے نائب صدر عابد اللہ یوسفزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سکواش کے عالمی چمپئن نے چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کو بتایا کہ خیبر پختونخوا میں سپورٹس بالخصوص سکواش کے فروغ کے لئے حکومت کے ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کے سپورٹ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں سکواش نے دنیا بھرمیں 37 سال تک حکمرانی کی ہے اور پشاور کے علاقے نوے کلے نے دنیا کوسکواش میں7 عالمی چمپئن دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن نے پشاور میں لیڈیز سکواش بھی شروع کی ہے جس کے لئے جونیئر اور سینئر چمپئن شپ کے لئے سپانسر شپ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن بہت جلد سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نام پر چمپئن شپ کا انعقاد کرے گی جس کے لئے سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا ۔

انہوں نے سرحد چیمبر کے پلیٹ فارم سے صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے روزگار میلہ کے کامیاب انعقاد پر سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کو مبارکباد بھی پیش کی ۔ سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل نے سکواش کے عالمی چمپئن قمر زمان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ سرحد چیمبر سکواش کے حوالے سے نوجوانوں کی نہ صرف سرپرستی کرے گا بلکہ ان میں صحت مندانہ کھیلوں کے مقابلوں کے رجحان سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے قمر زمان کو یقین دلایا کہ وہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالرئوف عالم سے بھی ان کی ملاقات کروائیں گے اور فیڈریشن کی جانب سے بھی تعاون کی درخواست کی جائے گی۔ قمر زمان نے سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :