اسلام آباد، جرائم کی بڑھتی شرح کو چھپانے کیلئے وفاقی پولیس کا میڈیا سے حقائق چھپانے کا پلان تیار

پولیس کے میڈیا سیل نے آئی جی اسلام آباد کی غیر موجودگی میں کرائم ڈائری جاری کرنا بند کر دی

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی بڑھتی شرح کو چھپانے کیلئے وفاقی پولیس نے میڈیا سے حقائق چھپانے کا پلان تیار کر لیا، آئے روز وفاقی دارلحکومت سے لاشوں کی برآمدگی، چوری ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہی دینے کا سلسلہ بند کر دیا گیا، وفاقی پولیس کے میڈیا سیل آئی جی اسلام آباد کی غیر موجودگی میں کرائم ڈائری جاری کرنا بند کر دی، تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں جرائم کی شرح کو نہ روک سکنے کے بعد وفاقی پولیس نے میڈیا تک تفصیلات روکنے کا پلان تیار کر لیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں وفاقی پولیس کے میڈیا سیل نے میڈیا کو جاری کی جانے والی روزانہ کی ایف آئی آر کے اندراج کی تفصیلات جاری کرنا بند کر دی ہیں،واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں روزانہ کی بنیاد پر اوسطً ایک لاش کی شہر سے برآمدگی اور چوری ڈکیتی سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں اضافے نے وفاقی پولیس کو پریشان کر رکھا ہے، وفاقی پولیس کی نااہلی اور ناقص کارکردگی پر پردہ ڈالنے کیلئے آئی جی اسلام آباد کی غیر موجودگی میں میڈیا کی نمبروں تک رسائی کو روکنے کے لیے عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے، یاد رہے کہ آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین ان دنوں چین کے دورے پر ہیں۔

(وقار/مہرعلی خان)

متعلقہ عنوان :