سپورٹس کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے،صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ

نوجوانوں کو جدید سہولتیں و صوبہ بھر میں گرائونڈز بنارہے ہیں، سیکرٹری و ڈی جی سپورٹس

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:50

لاہور۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ سپورٹس کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے، ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت اور ان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، ہماری کوشش ہے کہ ان کے ٹیلنٹ کو مزید نکھاریں تاکہ وہ عالمی سطح پر ہونیوالے مقابلوں میں حصہ لیں اور ملک کا نام روشن کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں تعارفی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس زاہد حسین، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا ندیم انجم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقاص اکبر اور دیگر افسران بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ ہماری تمام توجہ نوجوانوں پر ہوگی کہ ہم نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لائیں گے اور ان کی تربیت و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کے فروغ کیلئے بھرپور کام کررہا ہے، ہم سب ٹیم بن کر کام کریں گے اور ملکی سپورٹس کو عروج پر پہنچائیں گے، صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ سپورٹس کے میدان میں انقلابی تبدیلیوں کیلئے ہم سب دن رات کام کریں گے اورہمار عزم ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سپورٹس کی جدید اور بہترین سہولتیں فراہم کریں جس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئراقبال نے کہا نوجوانوں کو ٹیلنٹ کے اظہار کیلئے جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، جس سے نوجوان سپورٹس کی جانب آرہے ہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہاکہ صوبہ بھر میں گرائونڈز تعمیر کئے جارہے ہیں جس سے نوجوان کھلاڑی اپنے ٹیلنٹ کو مزید بہتر بنا سکیں گے، اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس نیئر اقبال نے صوبائی وزیر کو سپورٹس کے حوالے سے بریفنگ دی ، انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں سپورٹس کا جدید اور بہترین انفراسٹرکچر تقریباً مکمل ہوچکا ہے، بہت جلد نوجوان ان سے استعفادہ کرسکیں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ پنجاب میں جمنیزیمز اور سٹیڈیمز تعمیر جبکہ ہر شہر میں گرائونڈز بھی بنائے جارہے ہیں جس سے نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی، علاوہ ازیں نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے یوسی لیول پر سپورٹس ایونٹس بھی منعقد کرائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :