نوشہرہ میڈیکل کمپلکس میں موجود کابلے بابا قبرستان کی 240 قبریں زرین آباد کے نئے قبرستان میں منتقل

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:41

نوشہرہ۔02دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوشہرہ عبدالجبار خان کے حکم کے مطابق پورے مذہبی اور احترام کے ساتھ نوشہر ہ کی ضلعی انتظامیہ نے نوشہرہ میڈیکل کمپلکس میں موجود کابلے بابا قبرستان کی 240 قبریں زرین آباد کے نئے قبرستان میں منتقل کردی جس کے لیے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر بارہ کنال اراضی خریدی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوشہر ہ عبدالجبار خان کی عدالت میں کابلے باباقبرستان کمیٹی کے صدر ساقی محمد اور مسلم لیگ ن کے رہنما عبدالحق اوردیگر ممبران اور ڈ پٹی کمشنر نوشہرہ خواجہ محمد سکندر ذیشان اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ عبدالحمید خان کی موجودگی میں فاضل جج کے فیصلے کی روشنی میں نوشہرہ میڈیکل کمپلکس میں واقعے قدیمی قبرستان کابلے بابا سے پورے مذہبی احترام کے ساتھ 240 قبریں زرین آباد قبرستان منتقل کردی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چھ دن کی مسلسل کوششوں کے بعد یہ قبریں وہاں منتقل کی گئی ۔ متبادل قبرستان کے لیے بارہ کنال زمین زرین آباد نوشہرہ کلاں میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر خریدی گئی تھی۔ واضح رہے کہ کابلے بابا میں قبروں کی منتقلی کے دوران تین ایسی قبریں بھی ملی ہیں جن کے کفن بالکل صاف ستھرے تھے اوران پر کسی قسم کی دھول اورمٹی تک نہیں تھی۔ مذکورہ قبرستان دریائے کابل کے کنارے واقع ہونے کی وجہ سے اس پر کئی مرتبہ سیلاب بھی گزرے ہیں۔ مگر ان تین قبروں کو کچھ نقصان نہیں پہنچا۔ جو کہ ایک معجزہ ہے۔