عوام کو روزگاردیاجائے ورنہ پوست کی کاشت پرمجبورہوجائینگے،گدون جرگہ

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:41

صوابی۔02دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) گدون جر گہ نے صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ کارپوریشن گدون آمازئی اور گدون ٹیکنیکل کالج میں گدون آمازئی کے عوام کو روزگار دیا جائے ورنہ گدون آمازئی کے عوام اس کے خلاف بھر پور احتجاج چلانے کے علاوہ دوبارہ پوست کی کاشت پر مجبور ہو جائیں گے۔

اس سلسلے میں گدون آمازئی کا ایک گرینڈ جر گہ مسلم لیگ ن گدون آمازئی کے صدر رضوان اللہ کی صدارت میں ہوا جس میں گدون آمازئی کے عوام اور مشران جر گہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر رضوان اللہ جدون نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ گدون آمازئی انڈسٹریل اسٹیٹ ہمیں خیرات میں نہیں بلکہ پوست کی کاشت پر پابندی کے بعد روزگار کے متبادل اور بارہ جانوں کے نذرانے پیش کر نے کے بعد ایک طرف گدون صنعتی بستی میں مقامی لوگوں کو قانون کے مطابق روزگار نہیں دیا جارہا ہے تو دوسری طرف گدون ٹیکنیکل کالج جو کہ تاحال چالو ہی نہیں ہوا ہے میں سپیکر پختونخوا اسمبلی من مانی کر کے مقامی لوگوں کی بجائے باہر اپنے گائوں کے من پسند لوگ بھرتی کر کے گدون کے حقوق پر ٹاکہ ڈال رہے ہیں اور اب سابقہ سر حد ڈویلپمنٹ آتھارٹی کا نام تبدیل کر کے اس کا نیا نام خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ کارپوریشن رکھ کر جو ادارہ گدون میں قائم کیا گیا ہے اس میں بھی باہر سے تیرہ افراد بھرتی کر کے ظلم کی انتہائی کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ان اداروں میں میرٹ کی دھجیاں اُڑا دی گئی انہوں نے کہا کہ حکومت اس نا انصافی اور گدون عوام کی حق تلفی کا سلسلہ فی الفور ختم کیا جائے ورنہ گدون کے عوام نہ صرف دوبارہ پوست کی کاشت شروع کرینگے بلکہ ایک احتجاجی تحریک کاآغاز بھی کرینگے اور اس کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور سپیکر پختونخوا اسمبلی پر ہو گی

متعلقہ عنوان :