مزدور کسان پارٹی کے صوبائی مندوبین کا اہم اجلاس،درپیش مسائل پر غور خوض

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:31

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) مزدور کسان پارٹی کے صوبائی مندوبین کا اہم اجلاس چارسدہ میں زیر صدارت مرکزی صدر افضل شاہ خاموش منعقد ہوا۔جس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات شکیل وحیداللہ خان ،صوبائی سیکرٹری جنرل فیض الرحمن ،یوسف انوراوردیگر نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افضل شاہ خاموش نے کہا کہ پاکستان کے محروم طبقات کی نظریں مزدورکسان پارٹی پر لگی ہوئی ہیںاس وقت پاکستان کے محنت کش طبقہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مسائل کا شکارہیں۔

حکومت نے محنت کشوں کیلئے پندرہ ہزارتنخواہ کا اعلان کیا تھا لیکن حکومتی عدم دلچسپی کی وجہ سے اس سے بھی محروم ہیں۔پاکستان کی معشیت بحرانی کیفیت کا شکارہے۔آئے روز نئے غیر ضروری ٹیکسز نے عوام کا جینا محال کیا ہواہے جبکہ اراکین اسمبلی کی تنخوا ہوں میں خاطر خوا اضافہ کرکے عوام کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حالات میں مورثی سیاست نے سیاست کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔

عوام کی جان ومال کی پرواہ کسی کونہیںہر کوئی عوام کے جذبات اوراحساسات سے کھیل رہاہے۔اجلاس میں امریکہ سے آئے ہوئے حصوصی مہمان اورامریکہ میں مزدورکسان پارٹی کے کوارڈینیٹر سید عمر ایڈوکیٹ کا خیر مقدم کیا گیا۔اس موقع پر 18دسمبر کو صوبائی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا گیا۔صوبائی کانفرنس میںصوبے کے تمام اضلاع سے مندوبین شرکت کریںگے۔صوبائی کانفرنس میں مختلف سیاسی پارٹیوں ،وکلاء تنظیموں اوردوسرے طبقات کوبھی مدعوں کیا جائے گا تاکہ پارٹی کاپیغام ہر سطح پر پہنچایا جاسکے۔