لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر ،(ن) لیگ تاجر ونگ کے رہنما ناصر سعید دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر ،مسلم لیگ(ن) تاجر ونگ کے رہنما ناصر سعید دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ، اطلاع ملتے ہی صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمرا ن نذیر سمیت تاجروں کی بڑی تعداد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور ان کی رہائشگاہ پہنچ گئی ۔

بتایا گیا ہے کہ معروف تاجر رہنما ناصر سعید حفیظ سنٹر کے تاجروں کی ایک تقریب میں شریک تھے کہ انہیں اچانک دل کا شدید دورہ پڑا جس پر انہیں فوری پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچایا گیا ۔ ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی سر توڑ کوششیں کی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے ۔ ناصر سعید کے انتقال کی خبر ملتے ہی صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر سمیت تاجروں کی ایک بڑی تعداد ہسپتال اور ان کی ڈیفنس میں واقع رہائشگاہ پر پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور ایگزیکٹو کمیٹی نے ان کی ناگہانی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ناصر سعید کا انتقال ایک بہت بڑا صدمہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ وہ صرف ایک کامیاب تاجر ہی نہیں بلکہ ایک شریف النفس اور سلجھے ہوئے انسان بھی تھے جنہو ںنے کاروباری شعبے کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کے لیے بہترین خدمات سرانجام دیں۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ان کی ناگہانی وفات پر سوگوار اور اہلِ خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دیں اور اہل خانہ کو یہ اندوہناک صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و توفیق عطاء فرمائیں۔

متعلقہ عنوان :