وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 40زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد کی ملاقات

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:11

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 40زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد کی ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 40زیر تربیت اے ایس پیز کے ایک وفد نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی،اس موقعے پر چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ و دیگر بھی موجود تھے،وزیراعلیٰ سندھ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ اچھے طریقے سے اپنی تربیت حاصل کر رہے ہیں اور فیلڈ میں آپ کیلئے بڑے چیلینجز ہیں،لہذا آپ کو فیلڈ میں محنت اور دیانتداری سے کام کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں پولیس ،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سخت محنت کی ہے اور اسی محنت اور قربانی کے نتیجے میں کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی مقامی اشونہیں ہے،بلکہ پاکستان کے دشمن دہشتگردوں کو تربیت دے کر یہاں بھیجتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ہمارے بچوں اور ملک کے دشمن ہیں۔

(جاری ہے)

آپ کو ان کے خلاف بھی لڑنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ایک اے ایس پی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سندھ حکومت امن امان پر 60بلین روپے سے زائد خرچ کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں محنت اور دیانتداری سے کام کر رہا ہوں اور امید ہے کہ ترقیاتی کاموں اور امن امان کے حوالے سے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں کوشش کر رہا ہوں کہ عوام کا پیسہ عوام کی بھلائی اور بہتری پر دیانتداری کے ساتھ خرچ ہو۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت پورے صوبے میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور مواصلات کے شعبے پر بطور خاص توجہ دی جا رہی ہے اور صوبے کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے محکمہ پولیس میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی ہیں اور میرٹ ہی ہمارے اداروں کو مزید مستحکم اور مضبوط کرے گی۔آئی جی سندھ نے اس موقعہ پر کہاکہ پولیس ملک کا واحد ادارا ہے جس نے آئی ٹی کیڈر بنایا ہے اور قوائد اور ضوابط بن رہے ہیں اور جلد آئی ٹی کا محکمہ بھی فعال ہوجائے گا،اس موقعے تمام ایس پیز نے وزیراعلیٰ سندھ کے کام کو سراہتے ہوئے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں۔

متعلقہ عنوان :