اوورلوڈ گاڑیوں کیخلاف مہم کامیابی سے جاری ہے، سیکرٹری ڈی آر ٹی او

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:56

سیالکوٹ۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)ضلع سیالکوٹ کی حدود میں گاڑیوں میں مقررہ حد سے زائد بوجھ ڈالنے کے خلاف مہم کامیابی سے جاری ہے ‘ ایکسل لوڈ مینجمنٹ کی خلاف ورزی کی پاداش میں گذشتہ7روز کے دوران 121گاڑیوں کے چالان کئے گئے ان میں سے 31گاڑیوں کو بند کردیا اور14ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے جبکہ اوورلوڈنگ پر مجموعی طور پر 3لاکھ28ہزار روپے جرمانے بھی کئے گئے جو سرکاری خزانے میں جمع کروا دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ڈی آر ٹی او مظفر حیات نے کہاکہ ٹرانسپورٹر زائد بوجھ لاد کر نہ صرف مواصلات کی انفراسٹریکچر کو برباد کرتے ہیں بلکہ اس سے ان کی گاڑیوں کی عمر بھی کم ہوتی ہے اور ٹریفک حادثات بھی ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ضلع سیالکوٹ میں اوورلوڈنگ کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔