اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے مسلسل تین برس تک دس فیصد سے کم نتائج لانے پر چار تعلیمی اداروں کا الحاق معطل کردیا

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے مسلسل تین برس تک دس فیصد سے کم نتائج لانے پر چار تعلیمی اداروں کا الحاق معطل کردیا ہے، ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی کے مطابق مسلسل خراب کارکردگی پر جن چار کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کا الحاق معطل کیا گیا ہے ان میں طارق بن زیادکالج شاہ فیصل کالونی،فائونٹین ہائر سیکنڈری اسکول اورنگی ٹائون ،انڈس کالج اور ایم ٹی آئی ہائر سیکنڈری اسکول شامل ہیں۔

محمد عمران خان چشتی نے بتایا کہ معطل کیے جانے والے تمام تعلیمی اداروں کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا گیا ہے کہ مسلسل تین برسوں تک دس فیصد سے کم نتائج لانے کی وجہ سے 2017ء کے امتحانات کیلئے ان کے امتحانی فارم قبول نہیں کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی کا کہنا تھا کہ انٹربورڈ کراچی سے الحاق شدہ جن تعلیمی اداروں کے نتائج گزشتہ برسوں میں 33فیصد سے کم رہے ہیں انہیں بھی خطوط لکھ دیئے گئے ہیں کہ وہ اپنا تعلیمی معیار بہتر بنائیںاگر آئند ہ بھی ان کی کارکردگی خراب رہی تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے جبکہ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل کالجز اور ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کو بھی خط کے ذریعے آگاہ کردیا گیا ہے۔

دریں اثناء اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی کی جانب سے نجی اور سرکاری کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کو طلبہ و طالبات کی75فیصد حاضری کا ریکارڈ ہر ماہ انٹربورڈ بھیجنے کیلئے بھی خطوط لکھ دیئے گئے ہیں۔ ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے بتایا کہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں الحاق شدہ نجی اور سرکاری کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کی حاضری کا ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے ایک علیحدہ سیکشن قائم کردیا گیا ہے ،کالجوں کو انٹربورڈ کے ای میل ایڈریس سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے ،جن کالجوں میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے وہ اپنی حاضری کا ریکارڈ ای میل کے ذریعے بھی انٹربورڈ بھیج سکتے لیکن اس کے ساتھ وہ حاضری ریکارڈ کی ہارڈ کاپی انٹربورڈ میں ناظم امتحانات کے دفتر میں بھجوانے کے پابند ہوں گے، جن کالجوں میں انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں وہ بھی حاضری ریکارڈ کی ہارڈ کاپی ناظم امتحانات کے دفتر میں بھجوائیں گے۔

ناظم امتحانا ت محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ بورڈ سے الحاق شدہ جن کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں سے مسلسل دو مہینے حاضری ریکارڈ نہیں آئے گا اس کالج کے انرولمنٹ فارم اور امتحانی فارم اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی وصول نہیں کرے گا۔ محمد عمران خان چشتی کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں 75فیصد حاضری مکمل کرنے کے حوالے سے کیے گئے اس فیصلے سے متعلق بھی ڈی جی کالجز اور ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کو بھی خط کے ذریعے آگاہ کردیا گیا ہے۔#

متعلقہ عنوان :