خیبر پختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے،ڈاکٹر عمران خٹک

تعلیم اور صحت کی سہولیات عوام کو گھر کی دہلیز پر پہنچانے کے وعدے ایفا ہو رہے ہیں،ممبر قومی اسمبلی

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:40

نوشہرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے۔ تعلیم اور صحت کی سہولیات عوام کو گھر کی دہلیز پر پہنچانے کے وعدے ایفا ہو رہے ہیں۔ نوشہرہ سمیت صوبہ بھر میں پرانے سکول ماڈل سکولوں میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

سکولوں کو جدید تعلیمی سہولیات اور فرنیچر کی فراہمی کاکام شروع ہو چکا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے لوٹ کھسوٹ کا دور ختم ہو چکا ہے۔ ایزی لوڈ کلچر کا خاتمہ پاکستان تحریک انصاف کا کارنامہ ہے۔ ویلج کونسل سطح پر ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو چکا ہے۔ ویلج کونسلوں میں صفائی کیلئے ناظمین کو خصوصی فنڈز دئیے جا رہے ہیں۔عوامی خدمت سے متاثر ہو کر عوام اور دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکن دھڑا دھڑ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل پبی کے علاقے ڈاگ بیسود میںایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع جلسے سے ممبر صوبائی اسمبلی میاں خلیق الرحمن خٹک، ضلع کونسل کے رکن اسرار نبی نے خطاب کیا۔ شمولیتی جلسہ میں عوامی نیشنل پارٹی ڈاگ بیسود ویلج کونسل 2 کے نائب ناظم فاروق شاہ عرف فوجی نے اپنے ساتھیوں سمیع اللہ ، وعدہ علی شاہ، قیمت شاہ اور دیگر ساتھیوں سمیت اے این پی سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر عمران خٹک نے کہا کہ اب صوبے میں میرٹ اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔