وزیراعلیٰ پنجاب کی بہاولپورآمد، ائیرپورٹ مکمل سیل

کراچی سے بہاولپورکی فلائٹ 4گھنٹے تاخیر سے روانہ ، مسافروں کاسخت احتجاج

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:37

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی بہاولپورآمد، بہاولپورائیرپورٹ مکمل طورپر سیل، کراچی سے بہاولپورکی فلائٹ کو 4گھنٹے تاخیر سے روانہ کیاگیا، مسافروں کاسخت احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی بہاولپور آمد کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ بہاولپورائیرپورٹ کومکمل طورپر دیگرفلائٹس کیلئے مبینہ طورپر بندکیاہواتھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی طیارے کے بہاولپورائیرپورٹ پہنچنے کے بعد کراچی سے بہاولپورآنیوالی فلائٹ جس کی ٹائمنگ کراچی سے صبح 8بجے تھے اوراس نے 10بجے پہنچنا تھا ، بہاولپورائیرپورٹ پہنچی۔ اس موقع پر اس فلائٹ سے آنیوالے بہاولپورکے مسافروں نے شدید احتجاج کیا ۔ مسافروں شہباز، فرحان وغیرہ نے میڈیا کوبتایاکہ صبح آٹھ بجے کراچی سے پی آئی اے کی فلائٹ نے بہاولپورآناتھالیکن وہاں پر باربار یہ بتایاگیاکہ بہاولپورائیرپورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب کے طیارے نے اترناہے اس لئے فلائٹ لیٹ ہورہی ہے اوراس طرح تقریبا تین سے چارگھنٹے کے بعد فلائٹ کوروانہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ فلائٹ میں دوایسے مسافر بھی سوار تھے کہ جن کے قریبی عزیزوں کی فوتیدگی ہوگئی تھی اورانہوں نے جنازے پر پہنچاتھا لیکن اس تاخیر کی وجہ سے وہ مسافربھی بروقت نہیں پہنچ سکے۔ مسافروں نے وزیراعظم پاکستان سے اس واقعہ کانوٹس لینے کامطالبہ کیااورکہاکہ حکمرانوں کے اس پروٹوکول اورسیکورٹی کی وجہ سے عوام کوسخت مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے جس کوفوری طورپرختم کیاجائے۔