کوہاٹ چھائونی پولیس نے چوری کی واردات کا سراغ لگا لیا،ملزم مال مسروقہ سمیت گرفتار

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) کوہاٹ چھائونی پولیس نے چوری کی واردات کا سراغ لگاتے ہوئے ملزم کو مال مسروقہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ملزم نے کچھ روز قبل کوہاٹ کے علاقہ ژواکی بانڈہ میں اہلخانہ کو نشہ دیکر بے ہوش کرنے کے بعد گھر سے نقدی،طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق سترہ اور اٹھارہ نومبر کی درمیانی شب کوہاٹ ہنگو روڈ کے علاقہ ژواکی بانڈہ میں واقع سلیمان شاہ ولد گل بادشاہ کے گھر سے چوری کی واردات کے دوران نامعلوم چور لاکھوں کی نقدی،طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ چھائونی میں درج کرتے ہوئے مقامی ایس ایچ او انسپکٹر عابد حسین نے تفتیشی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر اہم شواہد قبضے میں لے لئے اور چوری کی واردات کامختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کردی کہ اس دوران پولیس نے واردات میں ملوث ملزم فیاض خان سکنہ نزد پرانا تبلیغی مرکز ہنگو روڈ کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مال مسروقہ دو لاکھ چالیس ہزار روپے کی نقدی،آٹھ تولے طلائی زیورات،سات عدد موبائل فون سیٹس ،ایک لیپ ٹاپ اور پستول برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

انوسٹی گیشن افسر سب انسپکٹر رحمت اللہ کے مطابق ملزم سے چوری کی واردات کے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے جس نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واردات کی رات اہلخانہ کی ایک خاتون سے ملکر انہوں نے گھر والوں کو چائے میں نشہ آو ر گولیاں پلا کر بے ہوش کرکے گھر سے لاکھوں کا سامان لوٹ کر واقعہ کے بعدوہ روپوش ہوگیا۔پولیس نے ملزم کا اقبالی بیان قلمبند کرتے ہوئے اسے مقامی عدالت میں پیش کردیا ہے جسے مزید جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نشہ پلانے سے متاثرہ گھر کے افراد پر بیس گھنٹوں تک غنودگی طاری رہی اور بعض افراد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کرادیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :