کوہاٹ ، جرائم پیشہ افراد خصوصاً سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاریوں،منشیات فروشوں،سمگلروں،سود خوروں اور بھتہ خوروں کے خلاف آپریشنل کاروائی کا فیصلہ

آپریشن کو مئوثراور نتیجہ خیز بنانے کیلئے ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کی فہرستیں تیار

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) کوہاٹ میں جرائم پیشہ افراد خصوصاً سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاریوں،منشیات فروشوں،سمگلروں،سود خوروں اور بھتہ خوروں کے خلاف بڑے پیمانے پرآپریشنل کاروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی سرکوبی کیلئے بھر پورکاروائیوں میںفورس کے استعمال سمیت تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

آپریشن کو مئوثراور نتیجہ خیز بنانے کیلئے ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں۔اس بات کا فیصلہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی زیر صدارت انکے دفتر میں ہونے والے پولیس کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں تمام سرکل ایس ڈی پی اوزاورتھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ڈی پی او کوہاٹ نے پولیس افسران پر دوٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ وہ علاقائی سطح پر امن وامان کی مجموعی صورتحال کو یقینی بناتے ہوئے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی،قتل واقدام قتل،ڈکیتی ،اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے بلا تاخیر اور بھر پور قوت سے کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ انکے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرکے انکے خلاف بھی سخت ترین قانونی کاروائی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ڈی پی او نے کہاکہ معاشرے سے منشیات کے ناسور کے خاتمے کیلئے منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بلا خوف و امتیاز اقدامات اٹھائے جائیںاور اس سلسلے میں کسی بھی غفلت اور کمزوری کو آڑے نہیں آنے دیا جائے۔

سود خوروں کے خلاف نتیجہ خیز کاروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈی پی او کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور لوگوں کی بھلائی کیلئے سود کے کاروبار سے وابستہ افراد کی سرکوبی انتہائی ضروری امر ہے جو اپنی لالچ کے حوص کو مٹانے کی خاطر عوام کو لوٹنے کے قبیح عمل میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان ہمارے لئے بڑا چیلنج اور معاشرے میں بسنے والے ہر طبقے کے افراد کیلئے وبال جان ثابت ہورہی ہے لہٰذا ایسے چیلنجنگ جرائم کا مئوثر منصوبہ بندی کے تحت سد باب بے حد ناگزیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی سمگلنگ روکنے کیلئے کسی بھی کاروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا اور اس دھندے میں ملوث افراد خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہو انکے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او نے کہا کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی فہرستیں مرتب کرکے انکے خلاف مرحلہ وار آپریشن کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنے علاقائی حدود میں موجود جرائم پیشہ افراد کے تائب ہونے تک انکے خلاف پے در پے کاروائیاں جاری رکھیں اور انہیں چھین سے نہ بیٹھنے دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :